Games

اسلام آباد: مارگلہ کے دامن میں کھیلوں کا شہر آباد ہوگا، اولمپک ولیج کی منظوری

اسلام آباد میں 175 ایکڑ پر اولمپک ولیج بنانے کا منصوبہ، 35 ہزار نشستوں کا جدید اسٹیڈیم بھی تعمیر ہوگا

اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت کو عالمی معیار کا اسپورٹس سٹی بنانے کی جانب ایک بڑا اور تاریخی قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سیکٹر ڈی-12 کے قریب ایران ایونیو اور مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں 175 ایکڑ رقبے پر ایک جدید اولمپک ولیج قائم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

منصوبے کے مطابق اولمپک ولیج میں کھیلوں کی تمام بین الاقوامی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس کا سب سے اہم حصہ ایک بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم ہوگا۔

ذرائع کے مطابق 50 ایکڑ پر مشتمل یہ کرکٹ اسٹیڈیم دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے ڈیزائن پر بنایا جائے گا، جس میں 35 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی 

اور تقریباً 10 ہزار گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ اس منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمینہ 11.9 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ اولمپک ولیج میں کرکٹ اسٹیڈیم کے علاوہ فٹبال گراؤنڈ، ہاکی اسٹیڈیم، 

ایتھلیٹکس ٹریک اور انڈور اسپورٹس کمپلیکس بھی شامل ہوں گے، تاکہ اسلام آباد میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلے منعقد کرائے جا سکیں۔

واضح رہے کہ یہ منصوبہ تاحال تجویز کے مراحل میں ہے اور اس پر ماحولیاتی حوالے سے کچھ تحفظات بھی سامنے آئے ہیں، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے 12 اکتوبر کو وفاقی حکومت، سی ڈی اے اور پی سی بی سے جواب طلب کر رکھا ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد نہ صرف پاکستان کا بلکہ خطے کا ایک جدید اسپورٹس حب بن کر ابھرے گا۔

Related Articles


Back to top button