ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی میں پاکستان کی دھوم، تھائی لینڈ کو 24 رنز سے پچھاڑ دیا
آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی، پاکستان کی تھائی لینڈ کو 24 رنز سے شکست
عجمان: پاکستان ویمنز نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے 7ویں میچ میں تھائی لینڈ ویمنز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔
کاروان کرکٹ گراؤنڈ عجمان میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں پر 180 رنز کا بڑا اسکور بنا دیا۔
پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر نے تباہ کن بیٹنگ کی، صرف 26 گیندوں پر 59 رنز بنا کر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 156 رنز ہی بنا سکی۔
تھائی لینڈ کی نتھاکن چنتھم نے 24 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے تسمیہ رباب نے شاندار باؤلنگ کی اور 3 اوورز میں 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر چکی ہے۔
اس سے پہلے پاکستان نے بنگلہ دیش ویمنز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔اگلا میچ پاکستان کا نیدرلینڈز کے خلاف ہوگا۔