اسلام آباد میں بڑا دنگل! ماس ریسلنگ چیمپئن شپ میں 16 ٹیمیں ٹکرائیں گی
نویں نیشنل ماس ریسلنگ چیمپئن شپ کا آغاز منگل سے ہوگا
سولہ ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، ایونٹ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، نواب فرقان خان
اسلام آباد: پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نویں نیشنل ماس ریسلنگ چیمپئن شپ کا آغاز منگل، 27 اکتوبر 2026ء کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے حمیدی ہال میں ہوگا، جس میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ماس ریسلنگ فیڈریشن کے چیئرمین نواب فرقان خان کے مطابق چیمپئن شپ کے انعقاد کا بنیادی مقصد روایتی کھیلوں کو فروغ دینا، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنا ہے۔
چیمپئن شپ میں مختلف صوبوں، علاقوں اور محکموں کی نمائندگی کرنے والی 16 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، واپڈا، پاکستان ریلوے، پولیس، پاکستان رینجرز، ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (ASF) اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سمیت دیگر ٹیمیں شامل ہیں۔
نواب فرقان خان نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں مردوں کی آٹھ اور خواتین کی سات ویٹ کیٹیگریز میں مقابلے منعقد ہوں گے۔ انہوں نے مردوں اور خواتین کی بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی شمولیت سے اس کھیل کو مزید وسعت دینے اور ملک بھر میں ماس ریسلنگ کو مقبول بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح کے ایسے مقابلے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل میں بین الاقوامی مقابلوں کے لیے مضبوط قومی ٹیم تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
چیمپئن شپ پاکستان میں روایتی کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔