Games اتھلیٹکس

ایتھلیٹکس کا سب سے بڑا میلہ اختتام کو پہنچا، نئے چیمپئنز کا اعلان

لوک سہائتا 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا میلہ رنگا رنگ تقریب میں اختتام کو پہنچا

مہمان خصوصی ڈاکٹر جنید علی شاہ،چیئر مین لوک سہائتا سید پیر محمد شا ہ اور اکرم ساہی نے فاتح ٹیموں کو ٹرافیاں دیں

سندھ کی گولڈ میڈلسٹ نور فاطمہ کے لئے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان،

نیا قومی ریکارڈ بنانے والی ماریہ کو کیش پرائز

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹر) لوک سہائتا 54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا میلہ رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام کو پہنچ گیا۔شاندار اور پروقار تقریب میں لوک سہائتا54ویں نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی فاتح 

،رنر اپ اور تیسری پوزیشن کی حامل بوائز اور گرلز ٹیموں کو ٹرافیاں دی گئیں۔ چار روز جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں پاکستان واپڈا نے مردوں میں پہلی، 

پاکستان نیوی نے دوسری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ خواتین کے مقابلوں میں واپڈا نے پہلی،ایچ ای سی نے دوسری اور سندھ نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی ۔

محکمہ کھیل سندھ کی جانب سے سندھ کے لئے گولڈ میڈل جیتنے والی ایتھلیٹ ماہ نور فاطمہ کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیاجبکہ نیا قومی ریکارڈ بنانے والی واپڈا کی ایتھلیٹ ماریہ بی بی کو 50ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا،

یوتھ اسپورٹس کلب میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی سابق صوبائی نگراں وزیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ تھے 

جبکہ لوک سہائتا کے چیئر مین اور ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ،ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن کے چیئر مین جنرل (ر) اکرم ساہی،صوبائی سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہیسر،

سینئر ترین ایتھلیٹکس کوچ محمد طالب،سابق گرینڈ ماسٹر اشرف طائی،لوک سہائتا کے آغا ہارون، ایڈیشنل سیکریٹری اسپورٹس اسد اسحاق،سندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اظہر صمدانی،آ

رگنائزنگ سیکریٹری ناظمہ اظہر،تمام ٹیموں کے کھلاڑی،کوچز،ٹیکنیکل آفیشلز،ڈی ایس او ایسٹ سید اسماعیل شاہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

مہمان خصوصی ڈاکٹر سید جنید علی شاہ کا کہنا تھا لوک سہائتا کے ساتھ شامل ہونا میرے لئے باعث فخر ہے،ان کی جانب سے منعقد کردہ بڑے اسپورٹس ایونٹ دیکھ کر مجھے دلی خوشی ہوتی ہے،

ان کا کام کئی اداروں کے کام پر بھاری ہے،سید پیر محمدشاہ اور ان کی پوری ٹیم کو اس قدر شاندار اور منظم نیشنل چیمپئن شپ کے انعقاد پر دلی مبارکبادپیش کرتا ہوں۔

چیئر مین لوک سہائتا سید پیر محمد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ لوک سہائتا کی جانب سے کھیلوں کے میلے سجاتے رہیں گے،نوجوانوں کو مثبت سرگر میوں کی جانب راغب کرنا ہمار فرض اولین ہے،

کیونکہ کھیل ہی کسی بھی معاشرے میں نظم و ضبط کی پہلی سیڑھی ہوا کرتے ہیں،مجھے خوشی ہے کہ پاکستان بھر سے آنے والے ایتھلیٹ کراچی سے خوشگوار یادیں لے کر اپنے شہروں کو واپس جائیں گے،

سندھ کی خواتین کھلاڑیوں نے چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے یہ اس بات کا غماز ہے کہ ہماری کاوشیں درست سمت میں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی مستقبل کے بڑے اسپورٹس ایونٹس کا اعلان کیا جائے گا۔جنرل (ر) اکرم ساہی نے کہا کہ لوک سہائتا کے پلیٹ فارم سے منعقد ہونے والی نیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بلا شبہ پاکستان کی تاریخ کی بہترین چیمپئن شپ تھی،

پورے ایونٹ کے دوران کسی قسم کی کوئی بد نظمی یا کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،کھلاڑیوں سمیت تمام آفیشلز اور مہمانوں نے ایونٹ کو کامیاب قرار دیا ہے

 جس پر میں لوک سہائتا،حکومت سندھ اورسندھ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ایتھلیٹکس کا 50کی دہائی سے شروع ہونے وال سفر جاری ہے،

حالیہ چیمپئن شپ سے بھی ہمیں مستقبل کے کئی اسٹار ایتھلیٹس ملیں گے۔سیکریٹری اسپورٹس منور علی مہیسر نے کہا کہ سندھ اب کھیلوں کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ 

نیشنل گیمز میں 10 ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی اور ایک تاریخی ایونٹ منعقد ہواہے۔ لوک ساہائتا کے تعاون سے منعقدہ قومی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ بھی ایک بہترین ایونٹ ہے، 

جس پر وہ لوک سہائتاکے چیئر مین اور ڈی آئی جی پیر محمد شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کی ہدایت پر چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والی سندھ کی ایتھلیٹ ماہ نورفاطمہ کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔

Related Articles


Back to top button