اسکولز ہاکی لیگ کا شاندار آغاز، ترلائی کالج نے افتتاحی میچ جیت لیا
اسکولز ہاکی لیگ کا شاندار آغاز، ترلائی کالج نے افتتاحی میچ جیت لیا
اسلام آباد: ملک بھر میں اسکولز ہاکی لیگ (SHL) کا باقاعدہ افتتاح نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم، اسلام آباد میں کھیلے گئے ایک نمائشی میچ کے ساتھ کر دیا گیا۔
افتتاحی میچ اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز، ترلائی اور اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز،
جی سکس ون فور (G-6/1-4) کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ترلائی کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 0-2 سے کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
لیگ کا باقاعدہ افتتاح صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) اور سیکرٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے چیف کوآرڈینیٹر برائے صدر پی ایچ ایف ڈاکٹر احتشام انور کے ہمراہ کیا۔
پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کے ڈچ ہیڈ کوچ ہرمن کروس (Herman Kruis) نے بھی خصوصی طور پر میچ دیکھا۔
اسکولز ہاکی لیگ ایک ملک گیر اقدام ہے جس کا مقصد اسکول کی سطح پر نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور تربیت کے ذریعے قومی ٹیموں کے لیے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی مستقل فراہمی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ عالمی ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔
اس منصوبے کا مقصد نوجوان نسل میں جسمانی تندرستی، صحت مند طرزِ زندگی، اسپورٹس مین شپ، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور زندگی کی بنیادی صلاحیتوں کو فروغ دینا بھی ہے۔
اس موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے محی الدین وانی نے اعلان کیا کہ اس لیگ کا آغاز بیک وقت اسلام آباد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں کیا جا رہا ہے،
جس سے یہ واقعی ایک قومی سطح کا پروگرام بن گیا ہے جس میں لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کے لیے یکساں مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ لیگ کے دوران غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے 100 لڑکوں اور 100 لڑکیوں کو خصوصی تربیتی کیمپوں کے لیے منتخب کیا جائے گا تاکہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جا سکے۔
حصہ لینے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے محی الدین وانی نے اعلان کیا کہ لڑکوں اور لڑکیوں کی ٹاپ تھری (پہلی تین) ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پورے ایک سال کے لیے وظائف (اسٹائپنڈ) دیے جائیں گے۔
مزید برآں، مجموعی طور پر فاتح قرار پانے والی ٹیم کو غیر ملکی دورے کا انعام دیا جائے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا قیمتی تجربہ حاصل ہو سکے۔
اسکولز ہاکی لیگ کا اجراء پاکستان کی نئی نسل کو اس کھیل سے دوبارہ جوڑنے کی ایک بھرپور کوشش ہے جس میں ملک نے چار ہاکی ورلڈ کپ اور تین اولمپک گولڈ میڈلز جیت کر عالمی سطح پر بے مثال کامیابیاں سمیٹی تھیں۔
اسکولوں کے میدانوں میں ہاکی کو واپس لانے اور ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے منظم مواقع پیدا کرنے کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک ایسی نئی نسل تیار کرنا ہے جو پاکستان کو دنیا کی صفِ اول کی ہاکی اقوام میں اس کا جائز مقام واپس دلانے کی صلاحیت رکھتی ہو۔