کرکٹ

ایشین گیمز کرکٹ فائنل، بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

ایشین گیمز کرکٹ فائنل، بھارت نے پاکستان کو19رنز سے ہراکر گولڈ میڈل جیت لیا

ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دیکر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ایک طرف 212 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف، دوسری طرف حسن نواز کی طوفانی بیٹنگ۔

پاکستان نے آخری گیند تک مقابلہ کیا، مگر212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حسن نواز کی 96 رنز کی جارحانہ اننگز بھی پاکستان کو فتح نہ دلا سکی۔

جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے،

جواب میں پاکستانی ٹیم 6 وکٹوں پر 192 رنز ہی بنا سکی۔212 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی تین وکٹیں جلد گر گئیں۔

کپتان صاحبزادہ فرحان 10، معاذ صداقت 23 اور عثمان خان صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس موقع پر حسن نواز نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صائم ایوب کے ساتھ 87 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کو ہدف کے قریب پہنچایا۔

صائم ایوب 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم حسن نواز نے آخری گیند تک بھرپور مزاحمت جاری رکھی اور 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔

حسن نواز آخری گیند پر آؤٹ ہوئے اور ان کی بھرپور کوشش کے باوجود پاکستان مقررہ 20 اوورز میں 192 رنز تک ہی پہنچ سکا۔ عبدالصمد 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل بھارتی کپتان شریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت کو ابھیشیک شرما نے جارحانہ آغاز فراہم کیا اور 28 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔تلک ورما نے بھی دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 51 رنز بنائے، جبکہ شیوم دوبے نے 27 اور شریاس ائیر نے 21 رنز اسکور کیے۔

ایشان کشن 20 اور سوریا ونشی 15 رنز بنا سکے۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے احمد دانیال اور عرفات منہاس نے 2،2 جبکہ صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی فیلڈنگ بھی ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئی اور کئی اہم مواقع ضائع ہوئے۔ ابھیشیک شرما اور شریاس ائیر کو کیچز کے مواقع ملے، جبکہ رن آؤٹ کے مواقع بھی ہاتھ سے نکلے اور مجموعی طور پر چار کیچز ڈراپ کیے گئے۔

یوں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر ایشین گیمز مینز کرکٹ کا گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا، جبکہ پاکستان کو سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔حسن نواز کی شاندار 96 رنز کی اننگز پاکستان کو فتح کے قریب تو لے گئی،

لیکن بھارتی بیٹرز کی بنائی ہوئی 211 رنز کی دیوار عبور نہ ہوسکی اور گولڈ میڈل بھارت کے نام ہوگیا۔

واضح رہے کہ اس بڑے ٹاکرے کے ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان نے ایک مرتبہ پھر کھیل کو سیاست زدہ کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔

یہ بھارت کا ایشین گیمز میں مسلسل دوسرا گولڈ میڈل ہے، انہوں نے اپنا ٹائٹل برقرار رکھا ہےیہ T20 انٹرنیشنل میں پاکستان کے خلاف بھارت کی مسلسل 7ویں فتح ہے سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 63 رنز سے ہرا کر برونز میڈل جیت لیا

Related Articles


Back to top button