کرکٹ

ایل آر سی اے انڈر 15 چیمپئن شپ - لاہور میں جونیئر کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ سجنے کو تیار

ایل آر سی اے انڈر 15 چیمپئن شپ کا 3 نومبر سے آغاز، 16 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی

خواجہ ندیم احمد نے ٹورنامنٹ کا شیڈول جاری کر دیا، 24 لیگ میچز کھیلے جائیں گے، 

نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو لاہور ریجن کی انڈر 15 ٹیموں میں شامل کیا جائے گا

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل آر سی اے) کے زیرِ اہتمام انڈر 15 چیمپئن شپ کا آغاز 3 نومبر سے ہوگا۔ صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔

 چیمپئن شپ کا مقصد نوجوان کرکٹرز کو مسابقتی کرکٹ کے مواقع فراہم کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور مستقبل کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔

ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم لیگ مرحلے میں تین میچز کھیلے گی، جبکہ مجموعی طور پر 24 میچز منعقد ہوں گے۔ 

تمام میچز رنگین کٹس اور وائٹ بال کے ساتھ لاہور ریجن کے معیاری کرکٹ گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے، جبکہ مقابلوں کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میچ آفیشلز تعینات کیے جائیں گے۔

ٹیموں کی تشکیل کے لیے لاہور ریجن کے پانچوں زونز میں پہلے مرحلے کے ٹرائلز منعقد کیے گئے، جس کے بعد دوسرے مرحلے کے ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا مزید جائزہ لیا گیا۔ ان مراحل کے بعد ٹیموں کے انتخاب کا عمل مکمل کیا گیا ہے۔ 

اس سلیکشن عمل میں پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں، زونل ٹرائلز میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے نوجوانوں اور ریجن کی انڈر 15 ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بھی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

چیمپئن شپ کے تمام تر اخراجات صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد خود برداشت کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا 

اور عمدہ کھیل پیش کرنے والے باصلاحیت کرکٹرز کو لاہور ریجن کی انڈر 15 ٹیموں میں شمولیت کے لیے منتخب کیا جائے گا، جو قومی انڈر 15 کپ میں لاہور ریجن کی نمائندگی کریں گی۔

صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم احمد نے کہا کہ انڈر 15 چیمپئن شپ لاہور میں جونیئر کرکٹ کے فروغ اور مستقبل کے باصلاحیت کرکٹرز کی تیاری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ 

ہمارا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات، منظم مقابلوں اور میرٹ پر آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت، کھیل کے معیار، نظم و ضبط اور دباؤ میں کارکردگی کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ریجن میں جونیئر کرکٹ کو مضبوط بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر لاہور کی نمائندگی کا موقع ملے اور وہ مستقبل میں پاکستان کرکٹ کے لیے اثاثہ ثابت ہوں۔

Related Articles


Back to top button