کرکٹ

بابر اعظم کتنی بار جوش ہیزل وڈ کا شکار بن چکے؟

برسبین (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم کے لیے آسٹریلین فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وُڈ ڈراؤنا خواب بن گئے اور نوجوان بلے باز کا آسٹریلین فاسٹ باؤلر کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو بابر اعظم سے بہت توقعات وابستہ تھیں کیونکہ سیریز سے قبل انہوں نے ٹور میچوں میں اچھی فارم کا ثبوت دیا تھا۔

https://twitter.com/i/status/1197481499551043590

تاہم میچ میں جس وقت پاکستانی ٹیم انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار تھی اور اسے بابر سے اچھی اننگز کی توقع تھی لیکن نوجوان بلے باز چوتھی ہی گیند پر صرف ایک رنز بنانے کے بعد غیرضروری شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ دے بیٹھے۔اس کے ساتھ ہی بابر کا ہیزل وُڈ کے خلاف خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری رہا اور وہ ایک طریقے سے نوجوان بلے باز کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے ہیں۔

https://twitter.com/i/status/1197368076678729728

گزشتہ دورہ آسٹریلیا کے دوران بھی ہیزل وُڈ نے بابر کو چار مرتبہ آؤٹ کیا تھا اور اس وکٹ کے ساتھ ہی وہ پانچویں مرتبہ انہیں آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔اب تک آسٹریلیا میں کھیلے گئے میچوں میں ہیزل وُڈ نے پاکستان کے ٹی20 کپتان کو ٹیسٹ میچوں میں 36 گیندوں میں صرف 16 رنز دے کر 5 مرتبہ آؤٹ کیا جو ان کی پاکستانی بلے باز پر نفسیاتی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جوش ہیزل وُڈ نے بابر کی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں وہ ایک اسٹروک میکر ہیں، یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ جس گیند پر انہوں نے شاٹ کھیلا، اس پر گیند بلے کا باہری کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں چلی گئی ورنہ اس گیند پر چوکا بھی ہو سکتا تھا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ابھی مزید 3 اننگز باقی ہیں تاہم اب دیکھنا یہ ہے کہ بابر اعظم آسٹریلین فاسٹ باؤلر کے خلاف اس نفسیاتی دباؤ سے نکلنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا پھر ہیزل وُڈ بدستور ان کے لیے ڈراؤنا خواب بنے رہیں گے۔

Related Articles


Back to top button