ٹٰینس

جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد میں اختتام پذیر

جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد میں اختتام پذیر

 اسلام آباد ; حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں نے بوائز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا، جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد میں اختتام پذیر

تھائی لینڈ کے فاسن سنچالونگ اور روس کی وکٹوریہ گرونتووا نے بوائز اور گرلز سنگلز کے ٹائٹلز اپنے نام کر لیے، جبکہ روس اور قازقستان کی جوڑی گرلز ڈبلز کی چیمپئن قرار پائی۔

جے-30 پی پی ایل پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد 2026 پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ 

چیمپئن شپ کے چاروں کیٹیگریز کے فائنلز میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے، جبکہ پاکستان کے باصلاحیت کھلاڑی حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں نے بوائز ڈبلز کا ٹائٹل جیت کر ملک کے لیے اعزاز حاصل کیا۔

بوائز سنگلز فائنل میں تھائی لینڈ کے فاسن سنچالونگ نے پاکستان کے حمزہ رومان کو 6-3، 6-0 سے شکست دے کر سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

گرلز سنگلز فائنل میں روس کی وکٹوریہ گرونتووا نے اپنی ہم وطن کھلاڑی واروارا روبسوا کو 6-2، 6-1 سے شکست دے کر گرلز سنگلز چیمپئن شپ جیت لی۔

پاکستان کے لیے بوائز ڈبلز فائنل میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی، جہاں حمزہ رومان اور احتشام ہمایوں کی جوڑی نے پاکستان کے عامر مزاری اور بیلاروس کے الیگزینڈر ویارسوتسکی کو ایک سخت مقابلے کے بعد 6-3، 4-6، (10-7) سے شکست دے کر ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا۔

گرلز ڈبلز فائنل میں روس کی اریانا گریگوریان اور قازقستان کی پولینا سشکووا نے تھائی لینڈ کی پیمپیسا وونگوانیتکاجون اور سری لنکا کی گتھمی ریانا فرنینڈو کو 6-1، 7-5 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

اس بین الاقوامی چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 62 کھلاڑیوں، جن میں 39 بوائز اور 23 گرلز شامل تھیں، نے 17 ممالک کی نمائندگی کی۔ ان ممالک میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان شامل تھے۔

یہ چیمپئن شپ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کے تعاون اور سرپرستی میں منعقد کی گئی، جس نے پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ اور بین الاقوامی سطح کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔

اختتامی تقریب کے موقع پر اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین جناب طارق محمود مرتضیٰ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پی پی ایل کے چیف کمیونیکیشن آفیسر جناب شہریار پرچہ مہمانِ اعزاز تھے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل بھی تقریب میں موجود تھے۔ معزز مہمانوں نے کامیاب کھلاڑیوں اور رنر اپ میں انعامات تقسیم کیے۔

تقریب میں آئی ٹی اے کے سیکرٹری جناب طفیل چیمہ، ڈائریکٹر پی ٹی ایف کرنل گل رحمان، محترمہ شاہدہ کوثر فاروق، جناب احسن زیدی کے علاوہ کھلاڑیوں، والدین، کوچز اور ٹینس کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پاکستان ٹینس فیڈریشن نے تمام چیمپئنز، رنر اپ، شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ کے لیے پی پی ایل کے تعاون اور سرپرستی پر دلی شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا، جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ 2026 کا آغاز کل 15 نومبر 2026 سے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا، جس سے ملک میں بین الاقوامی جونیئر ٹینس مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Related Articles


Back to top button