فٹ بال

اے ایف سی انڈر-17 کوالیفائرز، عیسیٰ کے دو گولز، پاکستان نے لاؤس کو 0-3 سے شکست دے دی

عیسیٰ کے دو گولز، پاکستان نے لاؤس کو 0-3 سے شکست دے دی

وینٹیان: پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027 کوالیفائرز کے گروپ ’ڈی‘ میں میزبان لاؤس کو 0-3 سے شکست دے دی۔ محمد عیسیٰ نے دو جبکہ حضرت عباس نے ایک گول اسکور کیا۔ یہ مقابلہ ہفتے کو لاؤس نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

محمد حبیب کی زیرِ قیادت پاکستان کی یہ تین میچوں میں دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو 1-3 سے ہرایا تھا، جبکہ دوسرے مقابلے میں ایران کے خلاف اسے 0-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان اب 20 نومبر کو اپنا آخری گروپ میچ اردن کے خلاف کھیلے گا۔

لاؤس کے خلاف میچ کے پہلے دس منٹ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے کیے، تاہم 14ویں منٹ میں پاکستان نے برتری حاصل کرلی۔ بائیں جانب حسنین علی نے عمدہ کوشش کرتے ہوئے فری کک حاصل کی، جس پر محمد عیسیٰ نے بہترین ٹائمنگ کے ساتھ چھلانگ لگائی اور ہیڈر کے ذریعے گیند گول میں پہنچا دی۔

لاؤس نے فوری جواب دینے کی کوشش کی، لیکن گول کیپر ثمر رزاق نے ون آن ون موقع پر شاندار بچاؤ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو کامیابی سے روک دیا۔ اس کے کچھ دیر بعد محمد حماد نے بھی گول لائن کے قریب بروقت مداخلت کرکے خطرہ ٹال دیا۔

دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔ محمد موسیٰ نے دور سے زوردار شاٹ لگایا جو معمولی فرق سے گول کے باہر چلا گیا، جبکہ عیسیٰ کی ایک اور کوشش کو گول لائن پر روک لیا گیا۔

پاکستان نے 29ویں منٹ میں اپنی برتری دگنی کردی۔ بائیں جانب سے آنے والے کراس پر حضرت عباس نے زبردست چھلانگ لگائی اور طاقتور ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔

پاکستان نے حریف پر دباؤ برقرار رکھا اور پہلے ہاف کے اختتام سے عین قبل تیسرا گول بھی کرلیا۔ کپتان عبدالصمد نے دائیں جانب سے شاندار کراس دیا، جس پر عیسیٰ نے گیند کو روکنے کا موقع دیے بغیر پہلی ہی ٹچ پر گول کردیا اور اپنا دوسرا گول بھی مکمل کرلیا۔

دوسرے ہاف میں لاؤس نے خسارہ کم کرنے کے لیے حملے تیز کیے، لیکن پاکستانی دفاع نے حریف کو کامیاب نہ ہونے دیا۔

ثمر رزاق نے دوسرے ہاف کے آغاز میں ایک بار پھر ون آن ون موقع پر شاندار بچاؤ کیا اور کچھ ہی دیر بعد دائیں جانب ڈائیو لگاتے ہوئے ایک اور خطرناک شاٹ روک لیا۔ دفاع میں محمد حماد بھی پوری طرح چوکس رہے اور گول لائن پر بروقت پہنچ کر حریف کی ایک کوشش ناکام بنا دی۔

دوسری جانب متبادل کھلاڑی حارث خان نے دائیں جانب سے تیز رفتار پیش قدمی کرتے ہوئے اچھا موقع بنایا، لیکن ایک اور متبادل کھلاڑی خلیل اللہ کا شاٹ گول کیپر نے روک لیا۔ پاکستان نے میچ کے آخری لمحات میں بھی حملے جاری رکھے، تاہم مزید گول نہ ہوسکا اور مقابلہ 0-3 سے پاکستان کی فتح پر ختم ہوا۔

Related Articles


Back to top button