حارث رؤف کو غصہ مہنگا پڑ گیا - آئی سی سی نے 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا
حارث رؤف کو غصہ مہنگا پڑ گیا - آئی سی سی نے 20 فیصد جرمانہ عائد کر دیا
لاہور، پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر 20 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔آئی سی سی کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹرائی سیریز کے میچ کے دوران پیش آیا۔
پاکستان کی اننگز کے 46 ویں اوور کے اختتام پر حارث رؤف نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے، انہوں نے وائیڈ بال کی اپیل کی جو مسترد ہونے پر انگلینڈ کے آل راؤنڈر ول جیکس سے الجھ پڑے۔
آئی سی سی اعلامیے کے مطابق حارث نے اس دوران اپنا بلا لہرایا اور امپائر شرف الدولہ ابن شاہد کی وارننگ کے باوجود بحث جاری رکھی اور امپائر کو کراس کرتے ہوئے ول جیکس کی طرف بڑھے،
جو کھیل کی روح کے منافی قرار پایا۔حارث رؤف کو آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی پر قصوروار قرار دیا گیا،
انہیں باضابطہ وارننگ کے ساتھ ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔ یہ 24 ماہ کے دوران ان کی تیسری خلاف ورزی ہے جس کے بعد ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی مجموعی تعداد 5 ہو گئی ہے۔
4 یا اس سے زائد پوائنٹس پر کھلاڑی کو ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے / ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔دوسری جانب انگلینڈ ٹیم پر بھی سلو اوور ریٹ پر 15 فیصد میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
انگلش ٹیم مقررہ وقت میں 3 اوورز پیچھے رہی تھی۔حارث رؤف اور انگلش کپتان ہیری بروک نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے میچ ریفری جیف کرو کی تجویز کردہ سزا قبول کر لی، اس لیے باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔