کرکٹ

دوسرے بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ 2026 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

دوسرے بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ 2026 کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان ایشین چیمپئن بننے کے لیے پُرعزم ہے، بھارت کے خلاف 17 نومبر کو بڑا مقابلہ ہوگا، 

چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں 14 سے 20 نومبر تک منعقد ہونے والے دوسرے بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ 2026 کے لیے پاکستان کی قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

ایونٹ میں پاکستان، بھارت، میزبان بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

 اس موقع پر پریس کانفرنس میں قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نثار علی، نائب کپتان بدر منیر، ٹیم منیجر ڈاکٹر پروفیسر انور علی سیال، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز بلال ستی اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ سلمان بخاری بھی موجود تھے۔ 

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے لیے تین مختلف کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 17 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بی ون کیٹیگری میں ظفر اقبال، شاہ زیب، محمد ادریس سلیم، جنید خان، فخر عباس، حمزہ محبوب ، 

بی ٹو کیٹیگری میں نثار علی (کپتان) ،بدر منیر (نائب کپتان)، معین اسلم، نعمت اللہ، بابر علی ، بی تھری کیٹیگری میں محمد صفدر، مطیع اللہ، طلحہ اقبال، سانول شہزادہ، کامران اختر اور نعیم اللہ شامل ہیں۔ 

چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کا کہنا تھا کہ دوسرے بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ کے لیے ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ 

انہوں نے کپتان نثار علی، نائب کپتان بدر منیر اور تمام منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کی تاریخ شاندار کامیابیوں سے عبارت ہے۔ 

قومی کھلاڑی ماضی میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔ 

پہلے بلائنڈ کرکٹ ایشیا کپ میں پاکستان رنر اپ رہا تھا، تاہم اس مرتبہ ٹیم بھرپور تیاری، جذبے اور بہترین ٹیم کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ 

سید سلطان شاہ نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے کہ قومی ٹیم ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرے گی اور پوری قوم کو خوشی کا موقع فراہم کرے گی۔

 17 نومبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان کا مقابلہ ٹورنامنٹ کا اہم ترین میچ ہوگا، جس پر دنیا بھر کے شائقین کی نظریں مرکوز ہوں گی۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے باہمت کھلاڑی اس بڑے مقابلے کے لیے پُرعزم ہیں اور انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دینے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا کپ میں شریک تمام ٹیمیں بہترین صلاحیتوں کی حامل ہیں، اس لیے شائقین کو معیاری اور سنسنی خیز بلائنڈ کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

 سید سلطان شاہ نے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی سرپرستی اور معاونت کرنے والے اداروں انٹر لوپ لمیٹڈ ، حبیب میٹرو بینک اور پارکو کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔ 

چیئرمین پی بی سی سی نے کہا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کی سرپرستی میں کارپوریٹ سیکٹر کا کردار قابلِ تحسین ہے اور کونسل اپنے تمام اسپانسرز اور معاونین کی شکر گزار ہے۔ 

سید سلطان شاہ نے قوم سے اپیل کی کہ وہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ 

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی کھلاڑی ڈھاکہ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے اور ایشیا کپ جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔

Related Articles


Back to top button