فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ: تاریخی ڈیبیو میں شاہینز کی شاندار فائٹ، مگر جیت نہ سکی
فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ: پاکستان کو دو گول کی برتری کے باوجود شکست
پاکستان نے آذربائیجان میں فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں اپنے پہلے میچ کا آغاز شاندار انداز میں کیا، تاہم دوسرے ہاف میں گیمبیا کی بھرپور واپسی نے مقابلے کا نقشہ بدل دیا۔
میچ کے پانچویں منٹ میں عامر حمزہ نے پاکستان کو برتری دلائی۔ دائیں جانب سے گیند لے کر آگے بڑھنے والے عامر نے حریف دفاع کو چیلنج کیا اور ایک زوردار شاٹ لگا کر گیند جال میں پہنچا دی۔ یوں پاکستان کو ٹورنامنٹ میں پہلا گول کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
پاکستان نے اپنی برتری دگنی کرنے میں بھی دیر نہ لگائی۔ عامر حمزہ کے ایک کامیاب ٹیکل کے بعد گیند بیکسی حمال خان کے پاس پہنچی، جنہوں نے بائیں جانب سے پیش قدمی کرتے ہوئے زبردست شاٹ لگایا۔ گیند سیدھی گول کے بالائی کونے میں جا لگی اور گول کیپر بے بس رہ گیا۔
دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد گیمبیا نے واپسی کی کوششیں تیز کردیں اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ایک گول اسکور کرلیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں گیمبیا نے ایک اور گول کرکے مقابلہ برابر کردیا، جب گیند پاکستان کے گول کیپر شایان کو چکمہ دیتی ہوئی جال میں جا پہنچی۔
برابری کے بعد گیمبیا نے کھیل پر دباؤ بڑھا دیا اور پاکستان کو اپنے دفاع پر توجہ مرکوز رکھنے پر مجبور کردیا۔ تاہم شاہینز نے سنبھلنے کے بعد جوابی حملے کیے۔ کلیم اللہ نے کئی خطرناک شاٹس لگائے اور گیمبیا کے گول کیپر کو تین سے زائد مرتبہ عمدہ بچاؤ کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے دوبارہ برتری حاصل کرنے کی کوششوں کے دوران گیمبیا نے ایک تیز جوابی حملہ کیا۔ اس دوران گیند ایک کھلاڑی کے پاس پہنچی،
جس نے بائیں پاؤں سے زوردار شاٹ لگاتے ہوئے اسے گول کے کونے میں پہنچا دیا۔ گیمبیا نے بعد میں ایک اور خوبصورت گول اسکور کیا، جب ایک خم کھاتی ہوئی شاٹ گول کے بالائی کونے میں جا لگی۔
یوں پہلے ہاف میں دو گول کی برتری حاصل کرنے والا پاکستان دوسرے ہاف میں گیمبیا کی واپسی کے سامنے مشکلات کا شکار ہوگیا۔
نتیجے سے قطع نظر، شاہینز کے تاریخی ڈیبیو میں پہلے ہاف کی کارکردگی اور عامر حمزہ اور بیکسی حمال خان کے شاندار گول پاکستان کے لیے حوصلہ افزا پہلو رہے۔ عالمی سطح پر یہ تجربہ پاکستان کے نوجوان فٹبالرز کے لیے سیکھنے اور آگے بڑھنے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔