Games

سعودی عرب میں ایشیائی کھیلوں کا میلہ مؤخر، نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

ریاض میں ہونے والے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ملتوی، اب مارچ 2027 میں منعقد ہوں گے

اسلام آباد (نوازگوھر) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہونے والے چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ملتوی کر دیے گئے ہیں، اب یہ گیمز دسمبر 2026 کی بجائے اگلے سال مارچ میں منعقد ہوں گے۔

اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) اور ریاض لوکل آرگنائزنگ کمیٹی نے مشترکہ بیان میں نئی تاریخوں کی تصدیق کر دی ہے۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گیمز اب 11 سے 21 دسمبر 2026 کی بجائے 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک منعقد ہوں گے۔

منتظمین کے مطابق یہ فیصلہ تمام ایشیائی قومی اولمپک کمیٹیوں، متعلقہ اسپورٹس فیڈریشنز اور حکام کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ فیصلے کی وجہ تنظیمی اور لاجسٹک امور کا مکمل جائزہ، آپریشنل انتظامات کو بہتر بنانا اور ایشیا بھر سے کھیلوں کے دستوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریاض گیمز کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام تیاریاں منظور شدہ منصوبوں کے مطابق جاری ہیں۔ سعودی عرب کے پاس اس نوعیت کے بڑے بین الاقوامی ایونٹ کے انعقاد کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔

یہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ وہ اولمپک کونسل آف ایشیا کے زیر اہتمام کسی ملٹی اسپورٹس ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ اس ایونٹ میں 45 سے زائد ممالک کے 4500 سے زائد ایتھلیٹس 18 مختلف کھیلوں کے 122 ایونٹس میں حصہ لیں گے۔

تاریخوں میں تبدیلی کے باوجود ایونٹ کا نام ’’ریاض 2026‘‘ ہی برقرار رکھا جائے گا۔ یہ ایونٹ اولمپک کونسل آف ایشیا کے زیر اہتمام سعودی عرب میں منعقد ہونے والا اپنی نوعیت کا پہلا کثیر کھیلوں کا مقابلہ ہوگا۔

منتظمین کو امید ہے کہ اس سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کو آگے بڑھانے، عوام میں کھیلوں کے فروغ، نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور سعودی عرب کو عالمی کھیلوں کے بڑے مقابلوں کے اہم مرکز کے طور پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ یہ گیمز پہلے نومبر 2026 میں شیڈول تھے، پھر انہیں دسمبر میں منتقل کیا گیا اور اب دوسری بار انہیں مارچ 2027 تک مؤخر کیا گیا ہے۔

Related Articles


Back to top button