کرکٹ

سی ایم پنجاب چیمپئنز لیگ: زین الحسنین کی یادگار سینچری، لاہور چیمپئن بن گیا

سی ایم پنجاب چیمپئنز لیگ: زین الحسنین کی یادگار سینچری، لاہور چیمپئن بن گیا

لاہور: جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ میں کھیلے گئے سی ایم پنجاب چیمپئنز لیگ کے سنسنی خیز مینز فائنل میں لاہور نے ملتان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ 

لاہور کی اس تاریخی فتح کے ہیرو زین الحسنین رہے، جنہوں نے ناقابلِ شکست سینچری اسکور کر کے اپنی ٹیم کو تاج ڈلوایا۔

198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 19.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ 

زین الحسنین 119 رنز کی یادگار اور ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر فائنل کے بلا شرکتِ غیرے اسٹار ثابت ہوئے، جبکہ ظفر نے بھی 33 رنز کی قیمتی اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

ملتان کے بولرز نے ہدف کے دفاع کے لیے سخت جدوجہد کی۔ احمد نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 25 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، 

جن میں ایک سنسنی خیز ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی جس نے ایک موقع پر لاہور کو شدید دباؤ میں ڈال کر ملتان کی امیدیں بحال کر دی تھیں، تاہم زین الحسنین کی غیر معمولی بیٹنگ نے بالآخر میچ کا فیصلہ لاہور کے حق میں کر دیا۔

اس سے پہلے ملتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا اور لاہور کو فتح کے لیے 198 رنز کا ہدف دیا۔

فائنل کے اختتام پر ایک پروقار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ 

انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے، فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کے ساتھ یادگاری گروپ تصاویر بنوائیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئنز لیگ کا انعقاد صوبے میں کرکٹ کے شعبے میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی جانب ایک خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے بہترین ٹورنامنٹ کی تنظيم پر اسپورٹس بورڈ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا اور کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔

ڈی جی اسپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے کہا کہ سی ایم پنجاب چیمپئنز لیگ نے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، 

جس کے ذریعے کئی امید افزا کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے تمام شریک ٹیموں اور کھلاڑیوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کے میچز ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور لاہور میں منعقد کیے گئے تاکہ لیگ کا دائرہ کار پورے پنجاب میں پھیلایا جا سکے۔

Related Articles


Back to top button