فٹ بال

فیفا ورلڈ کپ: تیونس نے ناقص کارکردگی پر کوچ کو عہدے سے ہٹا دیا

فیفا ورلڈ کپ: تیونس نے ناقص کارکردگی پر کوچ کو عہدے سے ہٹا دیا

تیونس: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سویڈن کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد تیونس فٹبال فیڈریشن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سبری لاموشی کو برطرف کر دیا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر شائقین اور حکام کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ فرانسیسی نژاد سبری لاموشی کو رواں سال جنوری میں 2 سالہ معاہدے کے تحت ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا، تاہم ان کی زیر نگرانی ٹیم 5 مقابلوں میں سے صرف ایک میچ میں ہیٹی کو شکست دے سکی، جبکہ دیگر تمام میچوں میں انہیں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ورلڈ کپ سے قبل تیونس کو آسٹریا اور بیلجیئم کے خلاف دوستانہ میچوں میں بھی شکست ہوئی تھی۔ سویڈن کے خلاف افتتاحی میچ میں ایک کے مقابلے میں 5 گول سے ہونے والی شکست نے فیڈریشن کو یہ سخت فیصلہ لینے پر مجبور کر دیا، کیونکہ ٹیم ورلڈ کپ کے اہم مرحلے میں تھی۔ تیونس فٹبال فیڈریشن نے ہیروے رینارڈ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رینارڈ فی الحال جاری ورلڈ کپ مہم کے اختتام تک ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ اس عارضی تعیناتی کے بعد مستقبل کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر نئے طویل مدتی معاہدے پر بات چیت کی جائے گی۔ نئے کوچ ہیروے رینارڈ جلد ہی ٹیم کو مونٹیری میں جوائن کریں گے تاکہ اگلے میچ کی تیاری شروع ہو سکے۔ تیونس کو اپنا اگلا اہم گروپ میچ جاپان کے خلاف کھیلنا ہے، جس میں اب شائقین کو ٹیم کی حکمت عملی اور کارکردگی میں نمایاں بہتری کی توقعات وابستہ ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوچ کی تبدیلی سے کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوگا اور وہ جاپان کے خلاف مقابلے میں بھرپور توانائی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دریں اثنا فیڈریشن نے بھی واضح کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد ہی کوچنگ اسٹاف کے طویل مدتی مستقبل کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

Related Articles


Back to top button