ملک ہدایت الحق کی خدمات قابلِ تعریف، اعلیٰ کمیٹی میں شامل کرنے کا مطالبہ
ملک ہدایت الحق کی فٹبال اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خدمات قابلِ تعریف، اعلیٰ سطحی اسپورٹس کمیٹی میں شامل کرنے کا مطالبہ
پشاور: پاکستان اسپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن (PSJF) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سینئر اسپورٹس صحافی محمد قیصر چوہان نے پاکستان منی فٹبال فیڈریشن (PMFF) کے صدر ملک ہدایت الحق کی فٹبال، نوجوانوں کی فلاح اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قابلِ قدر خدمات کو سراہا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر چوہان نے وفاقی حکومت اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مطالبہ کیا کہ ملک ہدایت الحق کو اعلیٰ سطحی اسپورٹس کمیٹیوں میں شامل کیا جائے تاکہ ان کی انتظامی صلاحیتوں اور تجربے سے قومی کھیلوں کی ترقی کے لیے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہدایت الحق نے پشاور سے لے کر بین الاقوامی سطح تک کھلاڑیوں کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں۔
ان کی قیادت میں PMFF، جو انٹرنیشنل منی فٹبال فیڈریشن (IMF) سے منسلک ہے، نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جن میں سب سے بڑی کامیابی عراق میں ہونے والے ویمنز منی فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستان نیشنل ویمنز منی فٹبال ٹیم کی تاریخی شرکت ہے۔
قیصر چوہان نے مزید کہا کہ ہدایت الحق کے اقدامات صرف ایک شہر تک محدود نہیں، بلکہ خیبر پختونخوا، بلوچستان اور دیگر صوبوں کے نوجوانوں کے لیے بھی کھیلوں کے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
سماجی ہم آہنگی کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہدایت الحق نے پشاور میں اقلیتی برادریوں اور مدارس کے طلباء کے لیے الگ الگ اور مشترکہ فٹبال ٹورنامنٹس منعقد کر کے امن، بھائی چارے اور یکجہتی کا مضبوط پیغام دیا ہے۔