لاہور: حمزہ نواز کی سنچری، سجاد خان کی 6 وکٹیں، خضرا کلب چھا گیا
توصیف ٹرافی: خضرا کلب کی گولڈن اسٹار کلب کے خلاف 170 رنز سے شاندار فتح
حمزہ نواز کی سنچری، عمران ڈوگر اور حسن مدثر کی نصف سنچریاں؛
سجاد خان کی تباہ کن باؤلنگ، 6 وکٹیں حاصل کر لیں
رپورٹ: عابد حسین
لاہور: توصیف ٹرافی کے ایک اہم میچ میں خضرا کلب نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈن اسٹار کلب کو 170 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔
نیو اتفاق کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں خضرا کلب کے بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ سے بڑا مجموعہ ترتیب دیا، جبکہ باؤلرز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے حریف ٹیم کو ہدف کے حصول میں ناکام بنا دیا۔
خضرا کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 40 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنائے۔ ٹیم کی جانب سے حمزہ نواز نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 109 رنز بنائے،
جس میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عمران ڈوگر نے 58 رنز، حسن مدثر نے 53 رنز، جبکہ محمد ارسلان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ گولڈن اسٹار کلب کی جانب سے اسد علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
296 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گولڈن اسٹار کلب کی ٹیم 23.3 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ علیم امتیاز نے 31 اور مہد باجوہ نے 30 رنز بنائے، تاہم خضرا کلب کے باؤلرز نے حریف ٹیم کو بڑا اسکور کرنے کا موقع نہ دیا۔
خضرا کلب کی جانب سے سجاد خان نے صرف 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ابرار خان نے 2، جبکہ محمد زاہد اور احمد اقبال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار سنچری اسکور کرنے پر حمزہ نواز اور تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر سجاد خان کو مشترکہ طور پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
چیئرمین خضرا کلب عابد حسین نے ٹیم کی شاندار کامیابی پر کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح محنت، عزم اور بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے حمزہ نواز اور سجاد خان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خضرا کلب مستقبل میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھے گا۔