کرکٹ
پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سری لنکا کو بڑا دھچکا، سٹار اوپنر باہر
پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل سری لنکن ٹیم کو بڑا دھچکا
2ٹیسٹ میچز کی سیریز 9 نومبر سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی
سری لنکا کے بیٹر پاتھم نسانکا ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل صحت یاب نہ ہونے کے باعث پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز سے باہر ہوگئے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کی سیریز 9 نومبر سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، پہلا ٹیسٹ راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ جبکہ دوسرا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
سری لنکن کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے پاتھم نسانکا کی جگہ لاہیرو اودارا کو ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔لاہیرو اودارا پہلے ہی سری لنکا کے ون ڈے اسکواڈ کے رکن کی حیثیت سے پاکستان میں موجود ہیں۔
سری لنکا کی جانب سے 13 اکتوبر کو اعلان کردہ ٹیسٹ اسکواڈ میں پاتھم نسانکا کا نام موجود تھا تاہم اب ان کی غیر موجودگی سری لنکن ٹیم کے لیے اہم نقصان قرار دی جا رہی ہے کیونکہ وہ بطوراوپننگ بلے باز اننگز کے آغاز میں ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
سری لنکن ٹیسٹ اسکواڈ
سری لنکن اسکواڈ میں لاہیرو اودارا، پسندو سوریا بندارا، دنیش چندیمل ، کامندو مینڈس ،سونال دینوشا اور دھننجیا ڈی سلوا شامل ہیں۔اس کے علاوہ اینجلا بندارا، کیشارا نووانتھا، دلشان مدوشنکا ،ایشان ملنگا اور پرابتھ جیاسوریا کو بھی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
فاسٹ باولنگ کی ذمہ داری ملان رتھنائیکے، لہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو کے ساتھ دلشان مدوشنکا اور ایشان ملنگا سنبھالیں گے جبکہ پرابتھ جیاسوریا اسپن باولنگ کے شعبے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-2027 کا حصہ ہو گی۔
پاکستان کے دورے پر آنے والی سری لنکن ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل تیاری کے لیے 4 نومبر سے اسلام آباد میں 3 روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔
اس میچ کا مقصد مہمان کھلاڑیوں کو پاکستانی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور پہلے ٹیسٹ سے قبل اپنی تیاری مکمل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل اس سیریز میں دونوں ایشیائی ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔