کرکٹ

لاہور: خضرا کلب کی طوفانی جیت، پنجاب کلب کو 9 وکٹوں سے روند ڈالا

رضا حمید میموریل سٹی زون ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ خضرا کلب کی شاندار فتح، 

پنجاب کلب کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

احمد اقبال کی تباہ کن بولنگ، محمد عمران ڈوگر کی ناقابلِ شکست اننگز کی بدولت خضرا کلب نے ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔

رپورٹ: عابد حسین

لاہور: رضا حمید میموریل سٹی زون ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں خضرا کلب نے عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب کلب کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ 

اتفاق ایل آر سی اے گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں خضرا کلب کے بولرز اور بلے بازوں نے حریف ٹیم کو کسی بھی مرحلے پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

پنجاب کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پوری ٹیم 13.4 اوورز میں صرف 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ایان ڈار 36 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، تاہم دیگر کھلاڑی خضرا کلب کے منظم بولنگ اٹیک کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے۔

خضرا کلب کی جانب سے احمد اقبال نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سجاد خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار خان، معاذ اعوان اور ایمان طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کرکے حریف ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔

64 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں خضرا کلب نے جارحانہ انداز اپنایا اور محض 6.3 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

 محمد عمران ڈوگر نے 33 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ حمزہ نواز نے 22 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

خضرا کلب نے اپنی بہترین بولنگ اور پراعتماد بیٹنگ کی بدولت میچ یکطرفہ انداز میں اپنے نام کیا۔ شاندار بولنگ پرفارمنس پر احمد اقبال کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

خضرا کلب کے چیئرمین عابد حسین نے ٹیم کی شاندار کامیابی اور کوارٹر فائنل میں رسائی پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح ٹیم کے اتحاد، محنت، نظم و ضبط اور بہترین کھیل کا نتیجہ ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے جس اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے بالخصوص بولرز کی عمدہ کارکردگی اور بلے بازوں کے پراعتماد کھیل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے دباؤ سے آزاد ہوکر اجتماعی کوششوں کے ذریعے کامیابی حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوارٹر فائنل میں رسائی ٹیم کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے، تاہم اصل ہدف مستقل مزاجی، محنت اور بہترین ٹیم ورک کے ساتھ اگلے مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کرنا ہے۔

عابد حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خضرا کلب آئندہ میچوں میں بھی اسی جذبے، ڈسپلن اور جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

Related Articles


Back to top button