کرکٹ

مستقبل کے سٹارز کی تیاری، قومی ٹیم کے ساتھ پریکٹس کا سنہری موقع

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت 6 نوجوان کرکٹرز نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔

ٹریننگ میں انہیں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ نیٹ پریکٹس کرنے اور کوچنگ سٹاف سے سیکھنے کا موقع ملا۔

پی سی بی کے مطابق سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے منتخب کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کے دوران تجربہ کار کرکٹرز سے رہنمائی حاصل کی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان لیگ سپنر اور فاسٹ بولرز میں بہترین صلاحیتیں موجود ہیں۔

 انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ پی سی بی نے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی تلاش کے لیے بہترین کام کیا ہے۔

مائیک ہیسن کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو قومی ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل کے لیے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

قومی ٹیم کے سٹار کھلاڑیوں بابر اعظم اور فخر زمان نے بھی نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں سے آگاہ کیا، 

اس دوران نوجوان کھلاڑیوں کو ٹریننگ، محنت اور اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں کامیابی کے لیے ضروری امور پر رہنمائی فراہم کی گئی۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹر بننے کے لیے صرف صلاحیت کافی نہیں بلکہ مسلسل محنت بھی ضروری ہے۔

سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے فاسٹ بولر عبدالرحمان نے قومی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں شرکت کو اپنے لیے یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قذافی سٹیڈیم میں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس کرنا خواب پورا ہونے جیسا ہے۔

نوجوان لیگ سپنر محمد حسنین نے کہا کہ بابر اعظم اور فخر زمان سے ملاقات کے دوران انہیں ٹریننگ کے حوالے سے اہم باتیں سیکھنے کا موقع ملا۔

واضح رہےکہ پی سی بی کے سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کی نشاندہی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے ساتھ تربیت سے نوجوان کرکٹرز کو اپنے کھیل میں بہتری لانے اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے لیے تیاری کا موقع ملا۔

Related Articles


Back to top button