سکواش

مصطفیٰ عرفان ایشین جونیئر سپر سیریز اسکواش میں کانسی کے تمغے کے حقدار قرار

مصطفیٰ عرفان نے ایشین جونیئر سپر سیریز اسکواش میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی جونیئر اسکواش کھلاڑی مصطفیٰ عرفان نے سری لنکا کے شہر کولمبو میں جاری ایشین جونیئر سپر سیریز اسکواش ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 19 کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

مصطفیٰ عرفان نے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں مصطفیٰ عرفان کو ملائیشیا کے کھلاڑی کے خلاف انتہائی کانٹے دار مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

پانچ گیمز پر مشتمل اس سنسنی خیز مقابلے کا اسکور 14-12، 11-5، 5-11، 7-11 اور 11-8 رہا۔ 

دلچسپ امر یہ ہے کہ مصطفیٰ کو شکست دینے والے ملائیشین کھلاڑی نے بعد ازاں ٹورنامنٹ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیا، جس سے مصطفیٰ کی کارکردگی کا معیار واضح ہوتا ہے۔

مصطفیٰ عرفان نے سیمی فائنل کی شکست کو بھلا کر بھرپور انداز میں کم بیک کیا اور کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے فیصلہ کن میچ میں میزبان سری لنکا کے حریف کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے شکست دے دی۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں مصطفیٰ نے حریف کو کوئی موقع نہ دیا اور تینوں گیمز 11-3، 11-2 اور 11-1 کے واضح فرق سے جیت کر کانسی کا تمغہ یقینی بنایا۔

ایشین جونیئر سپر سیریز میں مصطفیٰ عرفان کی یہ عمدہ کارکردگی نہ صرف ان کی صلاحیتوں اور مسابقتی جذبے کی عکاس ہے بلکہ ایشیائی جونیئر اسکواش میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے مقام کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ اس کامیابی کو پاکستان اسکواش کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Related Articles


Back to top button