کرکٹ

میٹ ہینری کی تباہ کن بولنگ، نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے ون ڈے میں شکست دیدی

میٹ ہینری کی تباہ کن بولنگ، نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے ون ڈے میں شکست دیدی

کرکٹ کے میدان میں کبھی بڑے نام بھی بے بس دکھائی دیتے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف بھارتی ٹیم کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ پہلے ہی اوور میں روہت شرما، 

ویرات کوہلی اور شریاس ایئر کی وکٹیں گریں تو بھارتی بیٹنگ لائن سنبھلنے کے بجائے تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم محض 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں بھارت کو 244 رنز سے شکست دے دی۔ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے میچ میں 334 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم صرف 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

 یہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے بھارت کی دوسری بڑی شکست ہے۔نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان چوتھا ون ڈے میچ ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلا گیا،

 جہاں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیوی اوپنرز نے پراعتماد آغاز کرتے ہوئے 85 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد بھارتی بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے رنز کی رفتار روکنے کی کوشش کی۔

تاہم نیوزی لینڈ کے اوپنر ول ینگ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 گیندوں پر 125 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ٹم سیفرٹ نے 48 گیندوں پر 58 جبکہ فن ایلن نے 30 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ مچل سینٹنر نے 24، کرسچن کلارک نے 22 اور کائل جیمیسن نے ناقابلِ شکست 19 رنز کا حصہ ڈالا۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 333 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور بھارت کو جیت کیلئے 334 رنز کا ہدف دیا گیا۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں ایسا دھچکا لگا جس سے وہ سنبھل نہ سکی۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے روہت شرما، ویرات کوہلی اور کپتان شریاس آئیر کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیج دیا۔ 

یوں بھارت کا اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر صفر ہوگیا۔کائل جیمیسن نے بھی بھارتی بلے بازوں پر دباؤ برقرار رکھا اور رتوراج گائیکواڈ کو 5 رنز پر آؤٹ کردیا۔ چھٹے اوور تک بھارت کی چار وکٹیں صرف 9 رنز پر گر چکی تھیں۔

اس مشکل صورتحال میں ایشان کشن اور اکشر پٹیل نے مزاحمت کی کوشش کی اور دونوں کے درمیان 44 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ ایشان کشن نے 27 جبکہ اکشر پٹیل نے 21 رنز بنائے، تاہم میتھیو فشر نے اکشر پٹیل کو آؤٹ کرکے یہ شراکت توڑ دی۔

اس کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا گئی۔ میٹ ہنری نے دوبارہ بولنگ کرتے ہوئے ایشان کشن، کلدیپ یادیو اور گرنور برار کو بھی آؤٹ کردیا۔ 

انہوں نے مجموعی طور پر 27 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے ون ڈے کیریئر کی بہترین بولنگ ہے۔ میتھیو فشر نے 3 جبکہ کائل جیمیسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کے بولرز کے سامنے بھارتی ٹیم 26.4 اوورز میں صرف 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے 244 رنز کی بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کا یہ اسکور ون ڈے کرکٹ میں اس کا چھٹا کم ترین مجموعہ بھی ہے۔

واضح رہے کہ رنز کے اعتبار سے بھارت کی ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی شکست 2000 میں شارجہ میں سری لنکا کے خلاف 245 رنز سے تھی، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ شکست اس ریکارڈ سے صرف ایک رن کم ہے۔

اس کامیابی کے باوجود نیوزی لینڈ پانچ میچوں کی سیریز میں ابھی پیچھے ہے اور بھارت کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، 

جبکہ آخری مقابلہ اتوار کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ آخری میچ جیت کر سیریز برابر کرسکتا ہے، جبکہ بھارت اپنی برتری برقرار رکھنے کے لیے میدان میں اترے گا۔

Related Articles


Back to top button