دیگر سپورٹس
ورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن نے پی ایف ڈی ایف کو رکنیت دے دی
ورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن نے پی ایف ڈی ایف کو رکنیت دے دی
اظہر خان برکی ، سید فراز امجد بخاری،اسماءعثمان،
فتح داد خان ،توصیف بخاری ،ذیشان اعظم کا اظہار تشکر
پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کے عہدیداروں کا گراس روٹ لیول سے کھیل کو فروغ دینے کا عزم
لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن (پی ایف ڈی ایف) کوورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ رکنیت مل گئی۔ پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کے صدراظہر خان برکی ،سیکرٹری جنرل سید فراز امجد بخاری ،نائب صدرفتح داد خان، ایگزیکٹو ڈائریکٹرتوصیف بخاری ، چیئر آف الٹیمیٹ ذیشان اعظم اور چیئر آف ویمن پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن اسماءعثمان نے ورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن کی رکنیت حاصل ہونے پراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئےاس کامیابی کو پاکستان میں فلائنگ ڈسک کھیلوں کی ترقی اور عالمی سطح پر شناخت کی جانب ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن کی جانب سے پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کو باضابطہ کورم اور ووٹنگ عمل کے ذریعے رکنیت دی گئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی برادری پی ایف ڈی ایف کے انتظامی ڈھانچے، شفاف نظام اور کھیلوں کے فروغ کیلئے کی جانے والی کوششوں پر اعتماد رکھتی ہے۔ باضابطہ رکنیت ملنے سے پاکستان اب ورلڈفلائنگ ڈسک فیملی کا باضابطہ حصہ بن چکا ہے۔ پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن کے صدراظہر خان برکی، سیکرٹری جنرل سید فراز امجد بخاری اورچیئر آف ویمن پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن اسماءعثمان نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن ملک بھر میں الٹی میٹ فریسبی، گٹس اور دیگر فلائنگ ڈسک کھیلوں کے فروغ کیلئے گراس روٹ لیول سے کام کر رہی ہے ،پی ایف ڈی ایف نوجوانوں کی ترقی، خواتین کی شمولیت اور کمیونٹی کی مضبوطی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور مختلف شہروں میں اپنی ذیلی تنظیموں کے ذریعے کام کر رہی ہے۔چیئر آف ویمن پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن اسماءعثمان نے کہا کہ پی ایف ڈی ایف کی قیادت، کھلاڑیوں، رضاکاروں اور معاونین کی برسوں پر محیط محنت اور استقامت کے نتیجے میں ورلڈ فلائنگ ڈسک فیڈریشن کی جانب سے رکنیت ملی ہے اب پاکستان کو بین الاقوامی مقابلوں، تربیتی پروگراموں اور عالمی ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید مو ¿ثر کردار ادا کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔ پاکستان فلائنگ ڈسک فیڈریشن اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ پاکستان میں فلائنگ ڈسک کھیلوں کو شفاف، جامع اور پائیدار بنیادوں پر فروغ دے گی۔