کرکٹ

ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کا پہلا اپ سیٹ، زمبابوے نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کا پہلا اپ سیٹ، زمبابوے نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ بی کے میچ میں زمبابوے نے کرکٹ شائقین کو حیران کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے دی، جسے کرکٹ کی تاریخ میں ایک بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان ٹریوس ہیڈ نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور زمبابوے نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکور کیے۔ زمبابوے کی جانب سے برین بینیٹ نے شاندار 64 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا جبکہ تادیونشے مرومانی اور ریان برل نے بالترتیب 35، 35 رنز کی قیمتی اننگز کھیلیں۔ کپتان سکندر رضا نے بھی 25 رنز کا اضافہ کیا، جس سے زمبابوے نے آسٹریلیا کے سامنے 170 رنز کا ہدف رکھ دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس اور کیمرون گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، لیکن دیگر کھلاڑی زمبابوے کے بولرز کا مؤثر مقابلہ نہ کر سکے۔ 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 146 رنز پر آؤٹ ہو گئی، بیٹنگ کے دوران آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ میٹ رنشا نے 65 رنز کی واحد نمایاں اننگز کھیلی جبکہ جارح مزاج بیٹر گلین میکسویل نے 31 رنز کا اضافہ کیا، زمبابوے کے بولرز نے مجموعی طور پر شاندار کارکردگی دکھائی اور اس تاریخی کامیابی کی بنیاد رکھی۔ زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بریڈ ایونز نے 23 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس میچ میں بلیسنگ مزارابانی نے اپنی کیریئر کی 100ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹ بھی مکمل کر لی۔ یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان یہ دوسرا موقع تھا جب دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں، 2007 میں بھی زمبابوے نے افتتاحی ایڈیشن میں آسٹریلیا کو شکست دی تھی اور آج کا نتیجہ اس تاریخی جیت کی یاد تازہ کر گیا ہے۔

Related Articles


Back to top button