کرکٹ
ٹی20 سیریز کا دوسرا میچ،پاکستان نے سری لنکا کو 82 رنز سے روند ڈالا، سیریز پر قبضہ
ٹی20 سیریز کا دوسرا میچ،پاکستان نے سری لنکا کو 82 رنز سے روند ڈالا، سیریز پر قبضہ
پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ محض 4 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے، تاہم ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، فخر زمان نے 17 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جبکہ حسن نواز 9 گیندوں پر 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے اننگز کے دوران ابتدا سے ہی رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی اور سری لنکن بولرز کو دباؤ میں رکھا، معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان کی عمدہ بیٹنگ نے پاکستان کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی، لہیرو اودارا 5، سینیٹھ جے وردھنے 22 اور کپتان کوشل مینڈس 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کمنڈو مینڈس نے 23 رنز بنائے، جبکہ ساہان آراچیگے کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ داسن شناکا 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ چامندو وکرماسنگھے نے 24 گیندوں پر 29 رنز کی مزاحمت کی۔ مہیش تھیکشانا 26 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، تاہم سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 11 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاداب خان اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی اس کامیابی میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں نے اہم کردار ادا کیا۔ معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان کی جارحانہ اننگز کے بعد محمد عمران کی مؤثر بولنگ نے سری لنکا کو ہدف سے دور رکھا اور پاکستان کو 82 رنز سے فتح دلائی۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اب رسمی کارروائی رہ گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی قومی کرکٹ ٹیم کو سیریز جیتنے پر مبارکباد اسپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے دو میچز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی اور ملک کا نام روشن کرتی رہے گی۔