پاکستان نے جنوبی کوریا کو ہرا کر ایشین گولڈ جیتا، حکومت نے ہیروز کو نواز دیا
رانا ثناء اللہ نے ایشین اسکواش چیمپئنز میں 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے
اسلام آباد :(نوازگوھر) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ اور صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ رانا ثناء اللہ خان نے بدھ کے روز پاکستان کی گولڈ میڈل جیتنے والی مردوں کی اسکواش ٹیم کے چار کھلاڑیوں میں 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کیے۔ یہ انعامات 23 ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں تاریخی فتح کے اعتراف میں دیے گئے۔
انعامات کی تقسیم کی تقریب پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں قومی کھلاڑیوں کو براعظمی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ یہ چیمپئن شپ 3 سے 7 نومبر تک مشف اسکواش کمپلیکس میں کھیلی گئی تھی۔
نقد انعام حاصل کرنے والے چار کھلاڑیوں میں نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اصحاب عرفان شامل ہیں۔ ہر کھلاڑی کو 10 لاکھ روپے دیے گئے، اس طرح انعامات کی کل مالیت 40 لاکھ روپے بنتی ہے۔
تقریب میں سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی، ایڈیشنل سیکرٹری میران محی الدین سومرو، ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاور حسین اور سیکرٹری جنرل پاکستان اسکواش فیڈریشن گروپ کیپٹن (ریٹائرڈ) عامر نواز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر رانا ثناء اللہ نے کھلاڑیوں، کوچز اور ٹیم انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی قومی فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی لگن، نظم و ضبط اور عزم کو سراہا جس کی بدولت پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر باوقار ایشین ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پاکستان نے فائنل میں جنوبی کوریا کو 0-2 سے شکست دے کر مینز ٹیم گولڈ میڈل جیتا۔ نور زمان نے جیونگ من ریو کو 5-11، 7-11، 11-13 سے جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو 6-11، 5-11، 4-11 سے شکست دے کر پاکستان کو چیمپئن بنایا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نمایاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کھیلوں کے فروغ اور قومی ٹیلنٹ کی حمایت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے بھی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایسی کامیابیاں ملک کے اسپورٹس پوٹینشل کو اجاگر کرتی ہیں اور نوجوان نسل کو متاثر کریں گی۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاور حسین نے بھی قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی فتح پاکستان میں اسکواش کی ترقی کے لیے نئی تحریک ثابت ہوگی۔
ویمنز ایونٹ میں ہانگ کانگ چائنہ نے ملائیشیا کو 1-2 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا، جبکہ ملائیشیا نے سلور میڈل حاصل کیا۔ مینز کیٹیگری میں جنوبی کوریا نے سلور میڈل جیتا۔