کرکٹ

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا یو اے ای مشن، ایمرجنگ ٹرافی کیلئے اسکواڈ فائنل

آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کیلئے پاکستان کے 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی ویمنز ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس کی قیادت منیبہ علی کریں گی جبکہ عائشہ ظفر نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔

پی سی بی کے مطابق ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کی متعدد کھلاڑیوں نے اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ اسکواڈ میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔ 

اسپن باؤلنگ کے شعبے میں نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبیٰ حسن اور ام ہانی کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے، جبکہ فاسٹ باولرز وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

10 ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں کھیلی جائے گی۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ دوسرے گروپ میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں شامل ہیں۔

آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کا مقصد خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینا اور ابھرتی ہوئی ٹیموں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ 

اس ٹورنامنٹ کا آغاز 2025 میں ہوا تھا، جس کے پہلے ایڈیشن میں 8 ایسوسی ایٹ ٹیموں نے حصہ لیا اور تھائی لینڈ نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

دوسرے ایڈیشن کے لیے ٹیموں کی تعداد آٹھ سے بڑھا کر 10 کردی گئی ہے، جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، آئرلینڈ اور زمبابوے جیسی ٹیموں کے ساتھ ایسوسی ایٹ ممالک بھی شامل ہیں۔

Related Articles


Back to top button