پشاور پریس کلب میں گیارہویں یو ای ٹی میڈیا کرکٹ لیگ کی کٹس کی شاندار تقریب رونمائی

میڈیا کرکٹ لیگ کی کٹس کی رونمائی، 20 ٹیموں میں 300 سے زائد صحافی حصہ لیں گے

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹر) گیارہویں یو ای ٹی میڈیا کرکٹ لیگ (MCL) کی کٹس کی رونمائی کی پروقار تقریب پشاور پریس کلب میں منعقد ہوئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے معدنیات، کھیل و امور نوجوانان ڈاکٹر سرفراز علی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) پشاور ڈاکٹر صادق خٹک، ہوپ آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو زبیر الٰہی، ڈی ایچ اے کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد آصف، پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، چیئرمین سپورٹس کمیٹی کاشف الدین سید، نائب صدر ضیاء الحق، سینئر صحافی شمیم شاہد، سیکرٹری عالمگیر خان، یونین کے سیکرٹری ارشاد علی سمیت اہم شخصیات اور سینئر صحافیوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر معدنیات ڈاکٹر سرفراز علی نے کہا کہ صحافی برادری معاشرے کو آئینہ دکھانے کے ساتھ عوامی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ صحافی کبھی شہید ہوتے ہیں تو کبھی انہیں قتل کیا جاتا ہے، تاہم تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود وہ اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ماضی میں بدامنی اور دہشت گردی سے متاثر رہا ہے، لیکن صوبے کے عوام نے مشکل حالات کے باوجود کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ کھیل امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی میڈیا کرکٹ لیگ جیسے ایونٹس صحافیوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرتے ہیں، 

جبکہ ان سرگرمیوں کے ذریعے دنیا بھر میں خیبرپختونخوا کا پرامن اور مثبت تشخص بھی اجاگر ہوتا ہے۔ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور ڈاکٹر صادق خٹک نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں صحت مند معاشرے کی تشکیل اور نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور برداشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے لیے میڈیا کرکٹ لیگ کا انعقاد ایک قابل تحسین اقدام ہے، کیونکہ مصروف پیشہ ورانہ زندگی میں کھیلوں کی سرگرمیاں ذہنی و جسمانی تازگی فراہم کرتی ہیں۔ یو ای ٹی پشاور کھیلوں اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

ہوپ آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو زبیر الٰہی نے کہا کہ کھیل معاشرے کے مختلف طبقات کو قریب لانے اور باہمی روابط مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

چیئرمین سپورٹس کمیٹی کاشف الدین سید نے کہا کہ پشاور پریس کلب کے زیر اہتمام میڈیا کرکٹ لیگ ہر سال منعقد کی جاتی ہے اور ہر مرتبہ اسے پہلے سے بہتر انداز میں منعقد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال ٹورنامنٹ میں پشاور پریس کلب کی 20 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 300 سے زائد صحافی کھلاڑی شامل ہیں۔

پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض نے کہا کہ پریس کلب کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اپنے ممبران کو پیشہ ورانہ مصروفیات اور دباؤ بھرے ماحول سے نکال کر مثبت، صحت مند اور تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ 

میڈیا کرکٹ لیگ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جو صحافیوں میں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی روابط کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے لیگ کے انعقاد میں تعاون کرنے والے اداروں اور شخصیات کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ گیارہویں میڈیا کرکٹ لیگ کا انعقاد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور، ہوپ آرگنائزیشن اور ڈی ایچ اے کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔


Back to top button