پی آر یو نے قومی رگبی سکواڈ کا اعلان کر دیا، واپڈا کے عاقب کپتان مقرر
پاکستان رگبی ٹیم ایشیا سیونز ٹرافی کے لیے 4 نومبر کو اردن روانہ ہوگی
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹر) پاکستان رگبی ٹیم ایشیا رگبی سیوینز ٹرافی 2026ء میں شرکت کیلئے چار نومبر کو اردن کے شہر عقابہ جائے گی۔
پاکستان رگبی یونین کے صدر رضوان ملک کے مطابق نو ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان، اردن، لبنان، شام، عراق، سعودی عرب، عمان، بحرین اور کرغستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ مردوں کے سیونز مقابلے چھ اور سات نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
رضوان ملک کے مطابق کاشف خواجہ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور جہانگیر ٹیم کے مینجر ہوں گے۔ صدر پی آر یو نے اپنی ٹور سپانسرز او جی ڈی سی اور ماڑی انرجی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
صدر پی آر یو کا کہنا کہ ٹیم نے اچھی تیاری کی ہے اور پاکستان بھر سے تمام محکموں اور کلبوں سے اچھی ٹیم منتخب کی گئی ہے۔ پاکستان ٹیم کو ساف گیمز کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔
واپڈا کے عاقب کو کپتان مقرر کیا گیا ہے دیگر کھلاڑیوں میں عامر بٹ واپڈا، محمد آصف ایگلز رگبی کلب، محمد خرم آرمی، داؤد واپڈا، محسن آرمی، محمد فائق لاہور ہاکس رگبی کلب، مدثر نائب کپتان آرمی، عامر وہرہ آرمی، حسنین آرمی اور خالد بھٹی واپڈا شامل ہیں۔