کرکٹ

پی ایس ایل 12 کا روڈ میپ جاری، ڈائریکٹ سائننگ ونڈو آج سے 23 نومبر تک کھلی رہے گی

 پی ایس ایل 12 کا روڈ میپ جاری، ڈائریکٹ سائننگ ونڈو آج سے 23 نومبر تک کھلی رہے گی

پی ایس ایل سیزن 12 کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی 23 جنوری 2027 کو ہوگی، پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی بھرتی کے ابتدائی طریقہ کار کا اعلان کردیا۔

میگا ایونٹ اگلے سال 18 مارچ کو شروع ہوکر 2 مئی تک جاری رہے گا۔

پاکستان سپر لیگ پاکستان کے کرکٹ کیلنڈر کا اہم ایونٹ بن چکی ہے جس میں شائقین کی بڑی تعداد اور بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں، کھلاڑیوں کی شمولیت اور لیگ کو ملک کے مزید شہروں تک پہنچانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پی سی بی نے بتایا کہ پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرنے کی ونڈو 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک کھلی رہے گی۔

اس دوران ہر فرنچائز ایک بڑے کھلاڑی (مارکی پلیئر) کو براہِ راست سائن کر سکے گی تاہم شرط یہ ہے کہ متعلقہ کھلاڑی پی ایس ایل کے گزشتہ 2 ایڈیشنز میں سے کسی میں بھی نہ کھیلا ہو۔

فرنچائزز کو اس سہولت کے ذریعے نیلامی سے پہلے اپنے اسکواڈ میں ایک اہم کھلاڑی شامل کرنے کا موقع ملے گا جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل 23 جنوری کو ہونے والی نیلامی کی جانب بڑھے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے اور بورڈ گزشتہ ایڈیشن کی کامیابی کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 11ویں ایڈیشن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا اور بورڈ اسی رفتار کو برقرار رکھے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل کو ملک کے مزید شہروں تک لے جایا جائے گا۔

پی سی بی نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے آئندہ ہفتے کرکٹ ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی جس میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں اور متعلقہ امور پر گفتگو ہوگی۔

اس کے علاوہ پی ایس ایل سے قبل گولڈ اور سلور کیٹیگریز پر مشتمل نیشنل ٹی 20 کپ بھی منعقد کیا جائے گا جس سے مقامی کھلاڑیوں کو ملک کی بڑی ٹی 20 لیگ سے پہلے مقابلے کا موقع ملے گا۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ ڈائریکٹ سائننگ ونڈو کھلنے کے ساتھ ہی پی ایس ایل 12 کے لیے بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے۔

ٹورنامنٹ کی تاریخوں، نیلامی کے شیڈول اور براہِ راست سائننگ کے قواعد کے اعلان کے بعد فرنچائزز اپنی حکمت عملی مرتب کرسکیں گی۔

Related Articles


Back to top button