راولپنڈی میں تاریخ رقم، سری لنکا کا 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور
راولپنڈی میں تاریخ رقم، سری لنکا کا 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور
ہیری بروک کی 116 گیندوں پر 202 رنز کی ڈبل سنچری رائیگاں، انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست
ون ڈے ٹرائی سیریز میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 2 وکٹوں سےہرادیا۔انگلینڈ نے رنز کا پہاڑ کھڑا کیا، ہیری بروک نے ڈبل سنچری داغی، لیکن سری لنکا نے ایسا پلٹ وار کیا کہ ریکارڈ بک ہی بدل گئی!430 رنز کا ہدف، آخری اوور اور صرف دو وکٹوں کا فرق۔سری لنکن ٹیم نے ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام درج کرالیا!
راولپنڈی میں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سری لنکن ٹیم نے 430 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرکے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف کامیابی سے عبور کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
راولپنڈی میں ون ڈے کرکٹ کا ایسا سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں انگلینڈ کے 429 رنز بھی فتح کی ضمانت نہ بن سکے۔
سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل حاصل کرلیا اور ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا بڑا کامیاب ہدف اپنے نام کرلیا۔
سری لنکن ٹیم نے 430 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے دو وکٹوں سے تاریخی کامیابی اپنے نام کرلی۔اس سے قبل سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،
تاہم انگلش بیٹرز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنا ڈالے۔ یہ پاکستان میں ون ڈے کرکٹ کا اب تک کا سب سے بڑا ٹیم ٹوٹل ہے۔
اس سے پہلے یہ ریکارڈ پاکستان کے پاس تھا، جس نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف 375 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ کی اننگز کے دوران کپتان ہیری بروک نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 116 گیندوں پر 202 رنز اسکور کیے۔
ان کی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ بروک ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے انگلش بیٹر بھی بن گئے۔
جو روٹ نے 69 رنز بنائے، ٹام بینٹن 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ول جیکس نے صرف 30 گیندوں پر 66 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
430 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور انگلش بولرز پر دباؤ برقرار رکھا۔ رتھنائیکے نے 130 رنز کی فیصلہ کن اننگز کھیلی،
جبکہ ایوشکا فرنینڈو اور داسن شاناکا نے 97، 97 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جانتھ لیاناگے نے بھی نصف سنچری بنا کر کامیابی کی راہ ہموار کی۔
سری لنکا نے آخری اوور میں ہدف حاصل کرکے میدان مار لیا اور انگلینڈ کی بڑی اننگز کے باوجود میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے بنائے گئے 429 رنز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ کا پہلا 400 سے زائد کا مجموعہ بھی تھا۔
سری لنکا کی جانب سے بولنگ میں دونیتھ ویلالاگے نے 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور جانتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کی اس تاریخی کامیابی نے سہ ملکی سیریز کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے، جبکہ پاکستان اپنے ابتدائی دونوں میچ جیت کر اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست ہے۔