ہاکی

پی ایچ ایف کا بڑا قدم، کوئٹہ میں 5 روزہ ہاکی کیمپ اختتام پذیر، 200 طلبہ نے حصہ لیا

پی ایچ ایف کا بڑا قدم، بلوچستان میں ہاکی کی بحالی

کوئٹہ میں 5 روزہ ہاکی کیمپ اختتام پذیر، 200 طلبہ نے حصہ لیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے گراس روٹ ہاکی کی ترقی و ترویج کے پروگرام کے تحت بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام پانچ روزہ بنیادی ہاکی تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔

پی ایچ ایف کی زیر سرپرستی ملک بھر میں گراس روٹ سے ہاکی کی ترقی و ترویج کے پروگرام کے تحت بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کوئٹہ کے تعاون سے اسکول کے طلبہ کے لیے منعقدہ پانچ روزہ بنیادی ہاکی تربیتی کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ 

کیمپ میں کوئٹہ کے 22 اسکولوں کے 200 سے زائد طلبہ نے شرکت کی، جہاں انہیں ہاکی کے بنیادی اصولوں، کھیل کی مہارتوں، جسمانی فٹنس اور عملی تربیت فراہم کی گئی۔

یہ تربیتی کیمپ کوئٹہ میں دو مقامات، شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ، ایوب اسٹیڈیم اور اولمپین صفدر علی بابل ہاکی گراؤنڈ، گلستان ٹاؤن میں منعقد کیا گیا۔ 

اس اقدام کا مقصد اسکولوں کی سطح پر ہاکی کو فروغ دینا، نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور قومی کھیل کے لیے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔

بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے مطابق تربیتی کیمپ کے اختتام کے بعد اگلے مرحلے میں ایک شاندار انٹر اسکول ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا، جس میں کیمپ کے دوران تربیت حاصل کرنے والے اسکولوں کی ٹیمیں اور کھلاڑی حصہ لیں گے۔ 

اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا، کھیلوں کے مثبت رجحان کو فروغ دینا اور اسکولوں میں ہاکی کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانا ہے۔

Related Articles


Back to top button