ہاکی

جاپان کے خلاف شاندار مقابلہ، پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان فائنل میں پہنچ گیا

جوہر بہرو (سپورٹس لنک) سلطان آف جوہور کپ 2026 کے سنسنی خیز اور اہم ترین مرحلے میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے بہتر گول اوسط (Goal Difference) کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

 فائنل کا معرکہ اب پاکستان اور میزبان ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔  

 تفصیلات کے مطابق، اپنے آخری پول میچ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا جو مقررہ وقت تک 2-2 کی برابری پر ختم ہوا۔  

پاکستان اور جاپان کے چار چار میچز کے بعد سات سات پوائنٹس رہے، دونوں ٹیموں کا گول ڈیفرنس بھی پلس آٹھ رہا، تاہم قومی ٹیم نے زیادہ گول اسکور کرنے کی بنیاد پر فائنل میں جگہ بنائی۔

پاکستان نے چار میچز میں 18 جبکہ جاپان نے 16 گول اسکور کیے۔

آخری لیگ میچ میں جاپان نے پاکستان کے خلاف 18ویں منٹ میں برتری حاصل کی، پاکستان کے حمزہ فیاض نے 34ویں منٹ میں مقابلہ ایک، ایک سے برابر کردیا۔

جاپان نے 42ویں منٹ میں دوبارہ برتری حاصل کرلی تاہم اس مرتبہ غلام مصطفیٰ نے اگلے ہی منٹ میں گول کرکے مقابلہ دو، دو سے برابر کردیا جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔

پاکستان چوتھے کوارٹر میں ملنے والے پنالٹی اسٹروک پر گول نہ کرسکا۔

پاکستان نے لیگ مرحلے میں دو میچز جیتے، ایک ڈرا کھیلا اور ایک میں شکست ہوئی۔ پاکستان نے چین کو 3-8 اور کینیڈا کو 2-6 سے شکست دی تھی جبکہ ملائیشیا کے خلاف 2-3 سے شکست ہوئی تھی۔

سلطان آف جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اور میزبان ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

Related Articles


Back to top button