کرکٹ

ہیری بروک کی تاریخی ڈبل سنچری، ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ہیری بروک کی تاریخی ڈبل سنچری، ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان کی سرزمین پر سری لنکا کے خلاف ون ڈے کی تاریخ میں تیز ترین ڈبل سینچری کا ریکارڈ بنا ڈالا ۔

کرکٹ کے میدان میں بعض اننگز صرف میچ کا نقشہ نہیں بدلتی، بلکہ تاریخ کے صفحات پر اپنا نام بھی لکھ جاتی ہیں! راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ایسی ہی ناقابلِ یقین بیٹنگ کی کہ سری لنکن بولرز بے بس دکھائی دیے۔

 بروک نے صرف 114 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کرکے ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کیا، جبکہ ان کی طوفانی اننگز کی بدولت انگلینڈ نے پاکستان کی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ کا پہلا 400 سے زائد رنز کا مجموعہ بھی بنا دیا۔

پاکستان میں جاری ون ڈے ٹرائی سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے تاریخ رقم کردی۔

 راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے انہوں نے صرف 114 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی اور ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ 

بروک کی 202 رنز کی اننگز اور ول جیکس کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 429 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 430 رنز کا ہدف دے دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم انگلش بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنا ڈالے۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے اپنی دھواں دار اننگز کے دوران صرف 114 گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری ہے۔ 

انہوں نے 116 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 202 رنز بنائے، جن میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ اس اننگز کے ساتھ ہی وہ ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے انگلینڈ کے پہلے بلے باز بن گئے، 

جبکہ انگلش کپتان کی حیثیت سے بھی یہ ایک تاریخی کارنامہ ہے۔ہیری بروک نے بھارت کے شبمن گل کا تیز ترین ڈبل سنچری کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا، جنہوں نے 117 گیندوں پر یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ 

بروک کی جارحانہ بیٹنگ نے سری لنکن بولرز کو شدید دباؤ میں رکھا اور انگلینڈ کو بڑے مجموعے تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔انگلینڈ کی اننگز کا آغاز ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے کیا۔ 

دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 74 رنز کی شراکت قائم کی۔ ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے، جبکہ بین ڈکٹ 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ نے کپتان ہیری بروک کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور چوتھی وکٹ کے لیے 159 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

جو روٹ نے 66 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے شامل تھے۔ اس دوران انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے انگلش بلے باز بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

جو روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد ہیری بروک نے ول جیکس کے ساتھ مل کر رنز بنانے کی رفتار مزید تیز کردی۔ ول جیکس نے محض 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 66 رنز بنائے، جن میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ 

ان کا اسٹرائیک ریٹ 220 رہا، جبکہ آخری پانچ اوورز میں انگلینڈ نے 78 رنز جوڑ کر مجموعہ 429 تک پہنچا دیا۔انگلینڈ نے اس اننگز کے دوران مجموعی طور پر 48 چوکے اور 13 چھکے لگائے۔ 

پاکستانی سرزمین پر کسی ٹیم کی جانب سے ون ڈے میچ میں 400 رنز کا ہندسہ عبور کرنے کا یہ پہلا موقع بھی تھا، جبکہ سری لنکا کے خلاف انگلینڈ کا یہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالاگے نے 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آسیتھا فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہیری بروک کی ریکارڈ ساز ڈبل سنچری اور ول جیکس کی جارحانہ بیٹنگ نے انگلینڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا، جبکہ سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 430 رنز کا مشکل ہدف ملا۔

راولپنڈی میں ہیری بروک کی تاریخی اننگز نے ون ڈے کرکٹ میں نئے ریکارڈ قائم کردیے، اب تمام نظریں سری لنکا کی بیٹنگ پر ہیں کہ آیا وہ 430 رنز کا ہدف حاصل کرکے میچ جیت پاتا ہے یا انگلینڈ اپنی ریکارڈ ساز کارکردگی کو فتح میں بدل دیتا ہے۔

Related Articles


Back to top button