غوثیہ ہمدانیہ نیزہ بازی چمپئن شپ، گھڑسواروں کی شاندار مہارت کا مظاہرہ
غوثیہ ہمدانیہ نیزہ بازی چمپئن شپ، گھڑسواروں کی شاندار مہارت کا مظاہرہ
سنگلز نیزہ بازی میں میاں فیاض قریشی نے میدان مار لیا،
سیکشن مقابلے میں مہر ساجد خان برال فاتح قرار
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹر) نیزہ بازی (ٹینٹ پیگنگ) برصغیر کی قدیم، روایتی اور سنسنی خیز گھڑ سواری کی پہچان ہے، جو اپنی تاریخی اہمیت، مہارت، جرات اور شاندار کھیل کے باعث پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں غیر معمولی مقبولیت رکھتی ہے۔
اس روایتی کھیل کو فروغ دینے اور علاقائی ثقافت و کھیلوں کی سرگرمیوں کو اُجاگر کرنے کے سلسلے میں صحرائے تھل میں منعقدہ تین روزہ ”جھنگ ڈیزرٹ ریلی اینڈ کلچرل فیسٹیول“ کے دوران ضلع جھنگ کے علاقے سلیانہ میں غوثیہ ہمدانیہ نیزہ بازی (ٹینٹ پیگنگ) چمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا،
جس میں نامور گھڑسواروں نے اپنی فنی مہارت، نشانے کی درستگی اور گھوڑوں پر غیر معمولی گرفت کا مظاہرہ کیا۔مہمان خصوصی صاحبزادہ سلطان محمد علی نے فاتح گھڑ سواروں میں انعامات تقسیم کیے۔
کراچی سے خصوصی طور پر اس یادگار ایونٹ کی کوریج کیلئے جھنگ جانے والے کراچی کے معروف صحافی حافظ محمد صالح کی رپورٹنگ کے مطابق ٹیم سلطان کے زیراہتمام منعقدہ اس چمپئن شپ میں مختلف مقابلوں کے دوران گھڑسواروں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
نیزہ بازی کے مقابلوں نے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کیے رکھی جبکہ کھلاڑیوں کی مہارت اور روایتی گھڑ سواری کے شاندار مظاہروں نے ایونٹ کو دلچسپ بنا دیا۔
چمپئن شپ نے نہ صرف نیزہ بازی کے روایتی کھیل کو اُجاگر کیا بلکہ علاقائی ثقافت اور گھڑ سواری سے وابستہ روایات کو زندہ رکھنے کی اہمیت بھی نمایاں کی۔
چمپئن شپ کے سنگلز نیزہ بازی مقابلے میں میاں فیاض احمد قریشی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور اپنی مہارت کے بل بوتے پر میدان مار لیا۔
مظہر اقبال برال نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ توقیر حیدر برال تیسرے نمبر پر رہے۔ مقابلے میں شریک گھڑسواروں نے نیزے کے درست استعمال، توازن اور گھوڑے کی رفتار پر قابو رکھنے کی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
سیکشن نیزہ بازی کے مقابلے میں سنپال کلب فیصل آباد کے کپتان مہر ساجد خان برال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ منڈی بہاوالدین کے نوید اشرف چانڈیا دوسرے جبکہ خانیوال کے عظمت اللہ خان نیازی تیسرے نمبر پر رہے۔
مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے گھڑسواروں کی شرکت نے مقابلوں کو مزید دلچسپ بنایا اور نیزہ بازی کے میدان میں انفرادی مہارت کے ساتھ ساتھ کلبوں کی نمائندگی کو بھی نمایاں کیا۔
نیزہ بازی محض ایک کھیل نہیں بلکہ برصغیر کی تہذیبی و ثقافتی تاریخ کا اہم حصہ ہے۔ اس کھیل میں کامیابی کے لیے گھوڑے کی رفتار، سوار کا توازن، نشانے کی درستگی، بروقت فیصلہ سازی اور مسلسل مشق بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
یہی خصوصیات ٹینٹ پیگنگ کو دیگر روایتی کھیلوں سے ممتاز کرتی ہیں اور اسے گھڑ سواری کے شائقین میں مقبول بناتی ہیں۔
صحرائے تھل میں ڈیزرٹ ریلی اور ثقافتی میلے کے ساتھ نیزہ بازی چمپئن شپ کا انعقاد اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ علاقائی میلوں اور کھیلوں کے مقابلوں کے ذریعے روایتی کھیلوں کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
ایسے مقابلے گھڑسواروں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا پلیٹ فارم فراہم کرنے کےساتھ ساتھ مقامی ثقافت، دیہی زندگی اور روایتی کھیلوں کی اہمیت کو بھی اُجاگر کرتے ہیں۔