سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ڈی جی سپورٹس سمر ہاکی کیمپ گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ڈی جی سپورٹس سمر ہاکی کیمپ گوجرہ انٹرنیشنل ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہوگیا، اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ سمیر ا عنبرین نے کیمپ کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ کیمپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سکالر شپ دیا جائے گا،اسسٹنٹ کمشنر نے کیمپ کے شرکاء میں انعامات بھی تقسیم کئے،اسسٹنٹ کمشنر سمیرا عنبرین نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے سمر ہاکی کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے اقدامات سے ہاکی کو فروغ مل رہا ہے، دور دراز کے علاقوں کے کھلاڑیوں کو بہترین موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیل کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔تقریب میں تحصیل سپورٹس آفیسر شرجیل اور ایڈمنسٹریٹر طارق ورک بھی موجود تھے،چیف کوچ خاور جاوید نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کیمپ کے انعقاد سے علاقہ میں ہاکی کا نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا اور یہ ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا ہاکی کے فروغ کے لئے بہترین اقدام ہے۔


ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجا ب ندیم سرور کی ہدایت پر شروع ہونے والا سمر ہاکی کیمپ 31جولائی تک جاری رہے گا، کیمپ میں ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گردونواح کے انڈر 14،16اور18 مردوخواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، کھلاڑیوں کو روزانہ صبح ساڑھے چار بجے سے صبح سات بجے اور شام چار بجے سے سات بجے تک تربیت دی جارہی ہے۔ کیمپ میں چیف کوچ خاور جاوید، ساجد رشید، گول کیپر کوچ مظہر عباس اور طارق عمران کھلاڑی کو تربیت دے رہے ہیں۔

error: Content is protected !!