ومبلڈن اوپن ،سیمونا ہیلپ چیمپئن

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)امریکی مشہور ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو ومبلڈن وومنز سنگلز فائنل میں رومانیہ کی سیموناہیلپ نے حیران کن شکست دے دی جس کے بعد گرینڈ سلیم فائنل میں ان کی مسلسل شکستوں کی تعداد 3 ہوگئی۔لندن میں کھیلے گئے فائنل کے لیے سرینا ولیمز کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا لیکن انہیں یک طرفہ مقابلے کے بعد 27 سالہ اسٹار سیمونا ہیلپ سے 6-2 اور 6-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ٹینس کی تاریخ میں 24 گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے والی سرینا ولیمز کو 7 مرتبہ ومبلڈن چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل ہے تاہم وہ گزشتہ سات مقابلوں میں سے 5 میں ناکام رہی ہیں اور گرینڈسلیم مقابلوں کے فائنل میں یہ ان کی مسلسل تیسری شکست ہے۔سرینا ولیمز اپنے کیریئر کے ابتدائی 25 گرینڈ سلیم فائنل میں سے 21 میں فتح حاصل کرچکی ہیں جبکہ سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے انہیں صرف ایک کامیابی کی ضرورت ہے۔ومبلڈن میں شکست کے بعد سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ مجھ سے ہمیشہ فتح کی توقع کی جاتی ہے لیکن سیمونا محنت سے کھیل رہی تھیں اور مجھے بھی جیت کے لیے اسی سطح پر جانے کی ضرورت ہے۔سیمونا ہیلپ اس کامیابی کے بعد رومانیہ سے تعلق رکھنے والی پہلی ومبلڈن چمپیئن بن گئی ہیں۔سابق عالمی نمبرایک 27 سالہ اسٹار کا کہنا تھا کہ یہ فتح میرے لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ میری والدہ کا خواب تھا جو انہوں اس وقت دیکھا تھا جب میں دس برس کی تھی۔یاد رہے کہ جرمنی کی اینجلق کربر گزشتہ برس سرینا ولیمز کو شکست دے کر نئی چمپیئن بن گئی تھیں اس سے قبل 2017 کے ومبلڈن کے فائنل میں اسپین سے تعلق رکھنے والی گیبرین موگوروزا نے وینس ولیمز کو شکست دی تھی۔سرینا ولیمز نے 2015 اور 2016 میں آخری مرتبہ ومبلڈن چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا تھا۔دوسری جانب مینز سنگلز کے سیمی فائنل میں رافیل نڈال اور روجرفیڈرر کے درمیان گزشتہ روز سنسنی خیز سیمی فائنل ہوا تھا تاہم سوئس اسٹار نے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔

error: Content is protected !!