پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا افتتاح

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیز قیادت نے سپورٹس کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں، پاکستان اور پنجاب کی 70سالہ تاریخ میں سپورٹس کیلئے جتنی رقم مختص کی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، 10ارب روپے کی لاگت سے سپورٹس کے منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں جبکہ 8ارب روپے کی لاگت سے سپورٹس کے نئے منصوبے شروع کررہے ہیں

صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ آج پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا افتتاح ہورہا ہے جس سے پنجاب کے سوئمرز کو آگے بڑھنے کا ایک اور موقع مل گیا ہے، وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس گرائونڈز، جمنیزیمز اور سٹیڈیم کا جال بچھا دیا گیا ہے، ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تھے،انہوں نے نقاب کشائی کرکے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا افتتاح کیا، اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان، لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس، انتخاب عالم، سعید اجمل، عاقب جاوید، اولمپیئن اختر رسول، شہبازسینئر ،خواجہ جنید اور سپورٹس کی اہم شخصیات موجود تھیں، چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے جتنے منصوبے شروع کئے گئے اتنے پہلے کبھی نہیں ہوئے، پنجاب میں 50جمنیزیم تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں سے 40مکمل ہوچکے ہیں،اسی طرح کھلاڑیوں کیلئے ای لائبریریز کا منصوبہ بھی شروع کیا گیا،21 ای لابریریز بنائی جارہی ہیں جن میں سے 18مکمل ہوچکی ہیں، ہاکی کیلئے بڑے بڑے سٹیڈیم بنائے جارہے ہیں،25 آسٹروٹرف بچھائی اور 70 کرکٹ گرائونڈز میں فلڈ لائٹس لگائی جارہی ہیں۔


صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا افتتاح ایک تاریخی دن ہے، اس میں جدید اور عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، 200 سوئمرز کو برطانیہ کے عالمی کوچز سے تربیت دلائی گئی ہے، پنجاب حکومت نے سپورٹس کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں، جس سے نوجوان مستفید ہورہے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے سپورٹس سے محبت اور خصوصی توجہ سے صوبہ بھر میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں، پنجاب حکومت نے تاریخ میں پہلی بار سپورٹس کیلئے ساڑھے آٹھ بلین روپے کا بجٹ مختص کیا ہے،ہمیں پاکستانی کی حیثیت سے پاکستان کا نام روشن کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کھلاڑی محنت کریں اور ملک کا نام دنیا میں بلند کریں۔


افتتاحی تقریب میں سکولوں اور کالجوں کے طلبہ نے سوئمنگ کے نمائشی مقابلوں میں حصہ لیا ان میں پنجاب یونیورسٹی، ایچی سن کالج، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ،لاہور گرائمر سکول، گورنمنٹ ہائی سکول وحدت کالونی اور یونیورسٹی آف لاہور کے طلبہ شامل تھے، 50 میٹر ز کے بریسٹ سٹروک کے مقابلے میں زین یونس، عبداللہ عامر اور علی رضانے بالترتیب پہلی،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ50میٹرز فری سٹائل کے مقابلے میں اذلان خان نے پہلی، سلمان الماس نے دوسری اور شہریار انور نے تیسری پوزیشن حاصل کی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے، مقابلوں کے ریفری ڈائریکٹر سپورٹس ایچی سن کالج شاہد فقیر تھے۔

error: Content is protected !!