دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر اور پشاور زلمی کی ٹیم کے رکن محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باعث وہ ٹورنامنٹ میں بولنگ نہیں کررہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی کی مینجمنٹ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذریعے پی ایس ایل کمیٹی کے پاس میری بولنگ کے حوالے سے درخواست لے کر گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی بولنگ ریویو کمیٹی سے بھی رابطہ کیا گیا تھا جو میرے بولنگ ایکشن کے حوالے سے مطمئن تھی، پاکستان میں دیا گیا ٹیسٹ بھی بہتر آیا تھا، تاہم اس کے باوجود ٹیکنیکل کمیٹی نے بولنگ کروانے کی اجازت نہیں دی۔محمد حفیظ نے کہا کہ وہ توقع کررہے تھے کہ انہیں بولنگ کرنے کی اجازت مل جائے گی جس کی وجہ سے ان کا اس حوالے سے اعتماد بھی بحال ہوگا تاہم ٹیکنیکل کمیٹی کا فیصلہ قبول کیا۔سابق کپتان نے بتایا کہ میں نے پی سی بی کے ذریعے انٹرنیشنل ٹیسٹ کے لیے درخواست دی ہوئی ہے اور جب بھی موقع دیا جائے گا ٹیسٹ کے لیے جاؤں گا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی سلیکشن پرفارمنس اور فٹنس پر ہوتی ہے، جب تک معیار پر پورا اتر رہا ہوں پاکستان کے لیے کھیلنا چاہوں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2019 عالمی کپ ہدف ہے، چاہتا ہوں اس میں پاکستان کے لیے اچھا کھیل پیش کروں۔