معاملات طے نہ پا سکے، یونس خان کا انڈر19ٹیم کی کوچنگ سے انکار

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) سابق ٹیسٹ کرکٹریونس خان اورپاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے درمیان معاملات طے نہ پاسکے۔ یونس خان نے انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق یونس خان کی طرف سے کوچنگ سے انکار کے بعد پی سی بی نے انڈر19 ٹیم کی کوچنگ کے لیے نئے امیدوار کی تلاش شروع کردی ہے۔ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے سوشل میڈیا پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کی تصدیق کردی ہے۔یونس خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے اکائونٹ سے ایک خبر پوسٹ کی جس میں بتایا گیاکہ یونس خان نے انڈر 19ٹیم کی کوچنگ کے لیے پی سی بی کو انکار کردیاہے۔یاد رہے یونس خان کو رواں سال مارچ میں انڈر 19کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیاتھا۔واضح رہے یونس خان نے پاکستان کی جانب سے 118ٹیسٹ میچز کھیل کر 34سنچریوں اور 33 نصف سنچریوں کی مدد سے 10 ہزار 99 رنز اسکور کیے اس کے علاوہ انہوں نے 265ایک روزہ میچز میں 7سنچریوں اور 48 نصف سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار 2 سو 49 رنز اسکور کیے جبکہ 25 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انہوں نے 2 نصف سنچریوں کی مدد سے 4 سو 42 رنز اسکور کیے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جونیئر سطح پر یونس خان کو کوچنگ کی پیشکش کی تھی اور ا س سلسلے میں یونس خان اوربورڈ کے درمیان کافی حد تک معاملات طے بھی پاگئے تھے تاہم سابق کپتان کوچنگ کے ساتھ جونیئر ٹیم کی سلیکشن کی سربراہی کے بھی خواہش مند تھے۔ ان کے مطالبات میں مرضی کا کوچنگ اسٹاف رکھنے کے ساتھ سلیکٹرز بھی ان کی پسند کے شامل تھے۔بورڈ اور یونس خان کے درمیان بعض معاملات پر اتفاق رائے ہو چکا تھا لیکن مالی معاملات سمیت چند دوسرے ایشوز پر فریقین کے اپنے موقف پر قائم رہنے کی وجہ سے مذاکرات کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔یونس خان کا موقف تھا کہ جس طرح بھارتی کرکٹ بورڈ راہول ڈریوڈ کو کوچنگ کے لیے بھاری معاوضہ اور مراعات دے رہا ہے، ان کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا جائے۔ اس وقت انڈر نائن ٹیم کے کوچ تیمور اعظم خان ہیں ، محتشم رشید اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، بورڈ جونیئر ٹیم کے ساتھ مستقل کوچ کی تقرری کا خواہش مند ہے۔

error: Content is protected !!