انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی ٹیم کیلئے بری خبر آگئی

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت کی ٹیم ورلڈ کپ کے دوران ایک اور کھلاڑی کی خدمات سے محروم ہو گئی ہے اور آل راؤنڈر وجے شنکر پیر میں انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔وجے شنکر کے پاؤں کے انگوٹھے میں فریکچر ہو گیا تھا جس کے سبب وہ عالمی کپ میں مزید بھارتی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔افغانستان کے خلاف میچ سے قبل ٹریننگ سیشن کے دوران جسپریت بمراہ کی گیند وجے شنکر کے پیر پر لگی لیکن اس کے باوجود انہوں نے مذکورہ میچ میں شرکت کی تھی۔البتہ وہ اتوار کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے جہاں بھارت کی ٹیم کو 31رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بھارت نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں وجے شنکر کی جگہ ریشابھ پانٹ کو کھلایا تھا اور انہوں نے 32رنز بنائے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آج جاری کردہ بیان کے مطابق 19 جون کو ساؤتھ ہیمپٹن میں نیٹ پریکٹس کے دوران وجے کے اُلٹے پاؤں کے انگوٹھے پر گیند لگی تھی اور انہیں انجری سے صحتیابی کے لیے کم از کم 3 ہفتے درکار ہیں جس کے سبب وہ عالمی کپ میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے۔بھارت نے وجے شنکر کی جگہ ماینگ اگروال کو اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے اور جلد بھارتی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ کوئی بھارتی کھلاڑی ورلڈ کپ سے باہر ہوا ہو بلکہ اس سے قبل اسٹار اوپننگ بلے باز شیکھر دھاون بھی ہاتھ میں انجری کے سبب عالمی ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔بھارت کی ٹیم کے ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں دو میچز باقی ہیں اور اسے اپنے اگلے دونوں میچز سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے ہیں اور 11 پوائنٹس کی بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات بہت روشن ہیں۔

error: Content is protected !!