مانچسٹر (سپورٹس لنک رپورٹ)نیوزی لینڈ نے ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں روس ٹیلر اور کین ولیمسن کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت کے خلاف 211رنز بنا لیے ہیں لیکن بارش کی مداخلت کے سبب میچ روک دیا گیا ہے۔مانچسٹر میں ابرآلود موسم میں کھیلے جا رہے عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت ہوتا نظر نہیں آیا۔ورلڈ کپ میں مارٹن گپٹل کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور یہ میچ بھی ان کے لیے ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جہاں وہ صرف ایک رن بنا کر جسپریت بمراہ کو وکٹ دے بیٹھے۔اس کے بعد ہنری نکولس اور کپتان کین ولیمسن نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 68رنز کی شراکت قائم کی تاہم رویندرا جدیجا نے 28رنز بنانے والے نکولس کی وکٹیں بکھیر کر نیوزی کو دوسرا نقصان پہنچایا۔ولیمسن کا ساتھ دینے تجربہ کار روس ٹیلر آئے اور دونوں نے 65رنز کی اہم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کردیا البتہ اس دوران بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب نیوزی لینڈ کے بلے باز واضح طور پر دباؤ میں نظر آئے اور اسی کے نتیجے میں ولیمسن وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 67رنز کی اننگز کھیلی۔اس موقع پر اسکور میں تیزی سے اضافے کے لیے جمی نیشام اور پھر کولن ڈی گرینڈ ہوم کو بھیجا گیا لیکن دونوں ہی بلے باز ناکامی سے دوچار ہوئے۔ابھی 46.1 اوورز کا کھیل ہی مکمل ہوا تھا کہ میچ میں ابرش نے مداخلت کردی اور امپائرز نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا حکم دیا۔نیوزی لینڈ نے اب تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے ہیں ، روس ٹیلر 67رنز کے ساتھ ناقابل شکست ہیں۔
بارش نہ رکی تو کیا ہو گا؟
اگر بارش کے سبب نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان میچ 2 گھنٹے تک شروع نہ ہوا تو میچ میں اوورز کی کٹوتی شروع ہو جائے گی اور ایسے میں بھارتی ٹیم کا نقصان ہو گا۔
اگر بارش کے سبب نیوزی لینڈ کی ٹیم میچ میں دوبارہ بیٹنگ نہ کر سکی تو بھارتی ٹیم کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت میچ میں فتح کے لیے 237رنز کا ہدفملے گا۔
اگر میچ کو بارش کے سبب 20اوورز تک محدود کردیا گیا تو بھارتی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا اور بھارتی ٹیم کو میچ میں فتح کے لیے 20اوورز میں 148رنز کا ہدف دیا جائے گا اور وکٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بارش کے سبب اس پر رنز اسکور کرنا بہت مشکل ہو جائے گا۔
میچ 40اوورز تک محدود ہوا تو بھارت کو 223رنز بنا نا ہوں گے جبکہ 35اوورز تک محدود کیے جانے پر بھارت کا ہدف 209رنز ہوں گے۔
بھارت کو 30اوورز تک محدود اوورز کیے جانے پر میچ میں 192رنز کے ہدف کا تعاقب کرنا ہو گا جبکہ 25اوورز میں ہدف 172رنز ہو گا۔
اگر بارش کے سبب آج 20اوورز کا کھیل بھی ممکن نہ ہو سکا تو بھارتی ٹیم کو کل ریزرو ڈے پر مقررہ ہدف حاصل کرنا ہو گا۔
تاہم اگر ریزرو ڈے پر بھی کھیل ممکن نہ ہو سکا تو راؤنڈ مرحلے میں بہتر کارکردگی کی بنیاد پر بھارتی ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔