کراچی ( ریاض احمد) عدالت عظمیٰ کی زیرنگرانی ہونے والے الیکشن میں منتخب ہونے والی پاکستان فٹبال فیڈریشن کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں گراس روٹ لیول پر فٹبال کی ترقی کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پاکستان کی تاریخ فٹبال میں موجودہ فیڈریشن نے بہاولپور اور ملتان میں بیک کوقت انٹر سٹی فٹبال چمپئن شپ 2019کا ماہ اپریل میں انعقاد کرکے ایک تاریخ رقم کی۔ رواں ماہ نیشنل چیلنج کپ کا پشاور میں انعقاد کیا جارہا ہے جس میں 15محکمجاتی ٹیموں کے علاوہ انٹر سٹی چمپئن شپ کی 22بہترین منتخب کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو بھی مذکورہ ٹورنامنٹ میں شرکت کا موقع دیا گیاہے۔صدر فیڈریشن ، انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے پہلی بار پاکستان میں کلب لیول پر لیگ چمپئن شپ کے انعقاد کا نیشنل چیلنج کپ کے فوری بعد اعلان کیا ہے۔جس میں ملک بھر کے تقریباًڈھائی ہزار سے زائد کلبس شرکت کریں گے۔ ہر کلب کے 16,16کھلاڑیوں کو فیڈریشن کی جانب سے مکمل یونیفارم فراہم کیا جائے گا۔منتخب فیڈریشن کی جانب سے ملک بھر کے تمام صوبائی ، ضلعی اورفٹبال کلبوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ اپنے رجسٹرڈ کلبوں کی فہرست فیڈریشن کو 15جولائی 2019تک ارسال کریں تاکہ ایونٹ کو حتمی شکل دی جاسکے۔صدر فیڈریشن کا کہنا تھا کہ فٹبال کی ترقی کا سفر ہر سطح پر جاری رکھا جائے گا اور کھلاڑیوں کی مکمل سرپرستی کے ساتھ انہیں فٹبال کھیل کی تمام سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔