ومبلڈن اوپن،راجر فیڈرر نڈال کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گئے

لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)سال کے سب سے بڑے ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کے سیمی فائنل میں عظیم سوئس اسٹار راجر فیڈرر نے اپنے روایتی حریف رافیل نڈال کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔لندن میں جاری سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں روایتی حریف راجر فیڈرر اور اسپین کے رافیل نڈال مدمقابل تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیٹ میں شاندار کھیل کیا اور 51 منٹ تک جاری رہنے والا پہلا سیٹ فیڈرر نے ٹائی بریک پر 6-7 سے اپنے نام کیا۔دوسرے سیٹ میں نڈال نے شاندار انداز میں واپسی کی اور یکطرفہ مقابلے کے بعد سیٹ 1-6 سے جیت کر مقابلہ 1-1 سیٹ سے برابر کردیا۔تیسرے سیٹ کے چوتھے گیم میں فیڈرر نے نڈال کی اسروس بریک کر کے اہم پوائنٹ حاصل کیا اور سیٹ 3-6 سے جیت کر ایک مرتبہ پھر میچ میں برتری حاصل کی۔خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ نڈال ایک مرتبہ پھر میچ میں واپسی کر کے مقابلہ برابر کرنے میں کامیاب رہیں گے لیکن اس مرتبہ سوئس اسٹار نے انہیں بالکل موقع نہ دیا اور سیٹ 4-6 سے جیت کر سیمی فائنل میں فتح حاصل کر لی۔اس فتح کے ساتھ ہی 20مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن راجر فیڈرر 12ویں مرتبہ ومبلڈن اوپن کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جہاں ان کا مقابلہ 15مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن جمہوریہ چیک کے نوواک جوکووچ سے ہو گا۔

تعارف: newseditor