لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس آئی سی سی کو جمع کرانے کے بعد بورڈ کو سالانہ آمدنی کے حصے کی پہلی قسط مل گئی ہے۔ 65 لاکھ ڈالر کا چیک پی سی بی اکاؤنٹ میں آگیا ہے، جبکہ دوسری قسط اس ماہ مل جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہفتے کو تصدیق کی ہے کہ آئی سی سی سے 6اعشاریہ 5ملین ڈالر کی پہلی قسط موصول ہوگئی ہے۔مجموعی طورپر پی سی بی کو 11 اعشارہ 5 ملین ڈالرز ملنا تھے جس میں سے 6.5 ملین ڈالر پی سی بی کے اکاؤنٹ میں آگئے ہیں۔یہ پہلی قسط جنوری میں کرکٹ بورڈ کو ملناتھی، تاہم 2017 اور 2018 کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس کی منظوری میں تاخیر کی وجہ سے معاملہ التوا کا شکار ہوا۔کوئٹہ میں بورڈ آف گورنرز میٹنگ میں تنازع کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹ تاخیر سے روانہ کئے گئے تھے۔ورلڈ کپ اور سالانہ اجلاس کی وجہ سے دوسری قسط اگلے چند دن میں پی سی بی کو مل جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ماہ لاہور میں پی سی بی کے گورنر بورڈ اراکین کی منظوری کے بعد بورڈ نے اکاؤنٹس کی رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی تھی جس کے بعد پاکستان کو پہلی قسط کا اجراء کیا گیا۔آئی سی سی ہر سال اپنے رکن ملکوں سے سالانہ پرافٹ ریونیو شیئر کرتا ہے۔ کرکٹ کی عالمی تنظیم پورے سال کی آمدنی کا مخصوص حصہ رکن ملکوں کو دیتا ہے تاکہ اس رقم سے وہ اپنے مالی اخرجات پورے کرسکیں۔