پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2اگست کو ہوگا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس 2 اگست کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق، عروج ممتاز، ذاکر خان ( ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ اور سیکرٹری کمیٹی)، مدثر نذر(ڈائریکٹر اکیڈمیز)اور ہارون رشید ( ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ)اجلاس میں شرکت کریں گے۔کرکٹ کمیٹی ایک ایڈوائزری پینل ہے جس کی ذمہ داری سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوانا ہے۔قومی مینز اور ویمنز کے ساتھ ساتھ انڈر 19 اور انڈر 16 کرکٹ ٹیموں کی کارکردگی کی روشنی میں سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو بھجوانا اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔انضمام الحق، مکی آرتھر اور سرفراز احمد کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وسیم اکرم ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ دیگر تمام اراکین اجلاس میں شرکت کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور پہنچیں گے۔

تعارف: newseditor