پاکستان آرمی نے نیشنل چیلنج کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کرلی‘ ریلویز کو شکست

پشاور(ریاض احمد) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری28ویں نیشنل چیلنج کپ 2019میں 3میچز کھیلے گئے۔ گروپ ’سی‘ سے 2بارکی نیشنل چیلنج کپ کی فاتح پاکستان آرمی نے پاکستان ریلویز کو 1-0سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی کے ساتھ کوارٹر فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا۔کے آریل، پاکستان واپڈا ،

پاکستان ایئر فورس پہلے ہی کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔اپنے پہلے میچ میں بھی آرمی کی ٹیم نے کراچی یونائیٹڈ کو 1-0سے مات دی تھی۔۔ گروپ ’بی‘ میںپی ٹی وی کی ٹیم نے مضبوط حریف سوئی سدرن گیس کیخلاف 1-1سے میچ برابر کھیل کر حیران کردیا۔پی ٹی وی کیلئے عدنان خان اور سدرن گیس کا گول زین العابدین نے اسکور کیا۔گروپ ’ڈی‘ میںپی ایف ایف ٹائیگرز اور سول ایوی ایشن کی ٹیمیں مقررہ وقت میں گیند کا رخ جال کی جانب موڑنے میں ناکام رہیں اور 0-0کی برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔بین الاقوامی شہرت یافتہ اسپورٹس جرنلسٹ امجد عزیز ملک کا تعارف بحیثیت مہمان خصوصی کھلاڑیوں سے کرایا گیا

اس موقع پر سید ظاہر شاہ، کرنل محمد نعمان،شرافت حسین بخاری، باسط کمال، قاضی آصف ، رؤف باری و دیگر بھی موجود تھے۔ طہماس خان فٹبال اسٹیڈیم، پشاور کی سرسبز فیلڈ پر ڈے اینڈ نائٹ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سوئی سدرن گیس کو پی ٹی وی کیخلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ابتداء ہی سے پی ٹی وی نے مضبوط حریف کیخلاف جارحانہ اور برق رفتار کھیلی پیش کیا۔عدنان خان نے 41ویں منٹ میں پاکستان ٹیلی وژن کیلئے پہلا گول اسکور کرکے سنسنی پھیلا دی۔جسے برابری میںتبدیل کرنے کیلئے سدرن گیس نے سخت محنت کی لیکن غلط نشانہ بازی کے باعث انہیں جلد کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ تاہم زین العابدین نے 58ویں

منٹ میں زور دار کک کے زریعہ سدرن گیس کے گول کا قرض اتاردیا۔مقررہ وقت میں مزید کوئی گول اسکور نہ ہوسکا اور دونوں ٹیمیں 1-1گول سے برابر رہیں۔ اسی اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والا میچ بھی انتہائی سنسنی خیز رہا۔ پاکستان ریلویز کی ٹیم جو اپنے پہلے میچ میں سول ایوی ایشن سے 6-0کی ہزیمت سے دوچار ہوئی تھی۔ شاندار کم بیک کیا اور پاکستان آرمی کو سخت فائٹ دی اوراپنے عمدہ کھیل سے شائقین کے دل جیت لئے۔

پاکستان آرمی کی ٹیم اسٹرئیکر علی رضا کے زریعے 59ویں منٹ میں کئے ہوئے گول کی بدولت 1-0سے کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں اپنی نشست پکی کرنے میں کامیاب رہی۔قیوم اسٹیڈیم پشاور پر کھیلے جانے والے میچ میں پی ایف ایف فائٹر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کراچی کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ساتھ مقررہ وقت میں مقابلہ 0-0سے برابرکھیل کر ایک ایک پوائنٹ باہم تقسیم کیا۔ ریفریز ارشاد الحق،یونس لعل ، ماجد خان جبکہ ان کے معاونین عدیل انور،، اکرام اﷲ ، شیر، اکبر دوست، انور علی، صدام ، محمد امین، شوکت حسین اور ذیشان ، ریفریز ایسیسر امتیاز علی شاہ اور میچ کمشنرقاضی آصف تھے۔

تعارف: newseditor