کراچی (ریاض احمد) لاہور کومسلسل دوسری بار سوکا ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا جب انہوں نے کراچی کی ٹیم کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریکر پر 2-1سے شکست دے کرلیثررلیگز نیشنل چمپئن شپ کی فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔مقررہ وقت میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ فاتح ٹیم 12تا20اکتوبر دوسرا سوکا ورلڈ کھیلنے کیلئے یونان کے شہر کریٹ کا سفر کرے گی۔ مہمان خصوصی میجر جنرل عمر احمد بخاری، ڈی جی رینجرز سندھ نے فاتح ٹیم کو ایک لاکھ ، رنراپ کو 50ہزار سیمی فائنلسٹ بلوچستان اور پشاور کی ٹیموں میں 50,50ہزار روپے کے کیش پرائز تقسیم کئے۔اس موقع پر ورلڈ گروپ کے گلوبل پیٹرن ان چیف محمد میاں سومرو، چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا، لارڈ شہزاد علی اور جنرل (ر) ہارون پاشاودیگر بھی موجود تھے۔ پیپلز اسٹیڈیم لیاری پر کھیلے جانے والے سیمی فائنلز میں پنجاب چمپئن لاہور نے بلوچستان چمپئن گوادر کو 1-0سے قابو کیا جبکہ سندھ چمپئن کراچی کو کے پی کے کیخلاف 2-0کی کامیابی حاصل ہوئی۔فائنل راؤنڈ میں چاروں صوبوں کی ایک ایک ٹیم نے کوالیفائی کیا۔ نیشنل چمپئن شپ میں ملک بھر کی 800ٹیموں نے حصہ لیا اور ہر صوبہ کی ایک ایک چمپئن ٹیم کو فائنل راؤنڈ کا ٹکٹ ملا۔لاہور کی ٹیم کو دوسری بار لیثررلیگز نیشنل چمپئن شپ کی فاتح ہونے کا اعزاز ملا۔قبل ازیں پہلے ایڈیشن میںلاہور نے پشاور کو ٹائی بریکر پر شکست دے کر بحیثیت نیشنل چمپئن پرتگال کے شہر لسبن میں ہونے والے افتتاحی سوکا ورلڈ کپ میں شرکت کا اعزاز حاصل کیا تھاجس کی میزبانی انٹرنیشنل سوکا فیڈریشن نے کی ۔اس سال دوسرے سوکا ورلڈ کپ کا انعقاد یونان کے شہر کریٹ میں 12تا20اکتوبر کیا جارہا ہے۔ایونٹ میں شریک 8000سے زائد کھلاڑیوں نے ورلڈ گروپ کو اسمال سائیڈڈ فٹبال کے زریعہ ملک بھر کے فٹبالرز کو فٹبال کھیل کی جانب راغب کرنے کے ساتھ انکی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھاکہ وہ کھلاڑی جو انٹرنیشنل ایونٹ کھیلنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے میرٹ پر ورلڈ کپ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ملک کے ہر صوبے کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ایونٹ کھیلنے کا یکساں موقع فراہم کیا گیا اور لاہور کی ٹیم نے اس موقع کا بہترین فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسری بار ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔لیثررلیگز جو کہ ایک برٹش کمپنی ہے جس کا ہیڈ کوارٹر برمنگھم میں واقع ہے انہوں نے دیگرپاکستانی کھلاڑیوں کو ایک اور موقع فراہم کیا ہے کہ وہ بھی سوکا ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کریں جس کیلئے کراچی ، لاور اور اسلام آباد میں اوپن ٹرائیلز کاانعقاد کیا جارہا ہے۔تقریب تقسیم انعامات کے اختتام پر آَتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا جس سے پیپلز اسٹیڈیم بقائے نور بن گیا اور شائقین فٹبال نے زور دار تالیوں سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔