کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کی 27 سال کی عمر میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر تنقید کرنے والوں کے خلاف ان کی اہلیہ نرجیس عامر میدان میں آگئیں۔تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سے ان پر کچھ حلقوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عامر کی اہلیہ نے ردعمل دیا ہے۔نرجیس عامر نے کہا کہ مجھے شوہر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر وضاحت دینے کی ضرورت نہیں تھی تاہم ان پر تنقید پر یہ کہنا چاہوں گی کہ عامر انگلینڈ یا کسی دوسرے ملک کے لیے کرکٹ نہیں کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عامر کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے، وہ پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں اور پاکستان کی نمائندگی کرنا پسند کرتے ہیں۔محمد عامر کی اہلیہ نے کہا کہ وہ صرف ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے ہیں انہوں ںے کرکٹ کو خیرباد نہیں کیا ہے، وہ ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ کھیلتے ہوئے ملک کی نمائندگی کریں گے۔نرجیس عامر نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ اللہ ان لوگوں کو ہدایت دے جو عامر کو ریٹائرمنٹ کو لے کر ان پر تنقید کررہے ہیں آمین۔واضح رہے کہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے اس کے بعد کرکٹ حلقوں کی جانب سے ان پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔سابق کرکٹر رمیز راجہ نے بھی ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ جانے کا نہیں لوٹانے کا وقت ہے، اسپاٹ فکسنگ کے دوران بورڈ نے ان کو ٹیم میں واپس لانے کے لیے بہت پیسہ خرچ کیا ہے۔